الیکشن کمیشن، حلقہ پی پی 7 پنڈی میں دوبارہ گنتی کی درخواست مسترد
تحریک انصاف کے امیدوارشبیر اعوان نےدوبارہ گنتی کی درخواست دی،درخواست گزار خاطرخواہ ثبوت فراہم نہیں کرسکا:چیف الیکشن کمشنر، پنجاب اسمبلی کے نومنتخب 19 ارکان کا نوٹیفکیشن جاری
اسلام آباد : الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کی حلقہ پی پی 7 راولپنڈی میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی درخواست مسترد کردی۔چیف الیکشن کمشنر کا کہنا ہے کہ درخواست گزار دوبارہ گنتی کے لئے خاطر خواہ ثبوت فراہم نہیں کر سکا۔
الیکشن کمیشن نےپی پی 7 راولپنڈی میں دوبارہ گنتی کی درخواست پر محفوظ فیصلہ سنادیا۔الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کے امیدوار شبیر اعوان کی دوبارہ گنتی کی درخواست مسترد کردی۔
چیف الیکشن کمشنر کی جانب سے فیصلے میں کہا گیا ہے کہ درخواست گزار دوبارہ گنتی کے لئے خاطر خواہ ثبوت فراہم نہیں کر سکا۔پی ٹی آئی امیدوار نے الیکشن کمیشن سے 21 پولنگ سٹیشن پر دوبارہ گنتی استدعا کی تھی۔پی ٹی آئی امیدوار نے ریٹرنگ آفیسر کی جانب سے دوبارہ گنتی کی درخواست کو مسترد کئے جانے پر ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا۔ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ نے پی ٹی آئی امیدوار کو الیکشن کمیشن سے رجوع کرنے کا حکم دیا تھا۔ضمنی الیکشن میں پی پی7 راولپنڈی میں مسلم لیگ ن کے امیدوار49 ووٹوں کے فرق سے کامیاب قرار پائے تھے۔
دوسری جانب ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق پنجاب اسمبلی کے نومنتخب 19 ارکان کا نوٹیفیکیشن جاری کردیا گیا۔پی ٹی آئی نے پی پی 7 میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی درخواست دی تھی۔جس کے باعث اس حلقے سے کامیاب امیدوار کا نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا گیا۔الیکشن کمیشن کی جانب سے پی ٹی آئی کے 15۔ن لیگ کے 3 اور ایک آزاد امیدوار کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے۔
Comments are closed.