الیکشن کمیشن نے ملک بھر میں شیڈول ضمنی انتخابات ملتوی کر دیئے

اسلام آباد : الیکشن کمیشن آف پاکستان نے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے ملک بھر میں قومی اور صوبائی سطح پر تمام ضمنی الیکشن ملتوی کرنے کا اعلان کر دیا۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کا اہم اجلاس چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں منعقد ہوا، اجلاس میں ممبران الیکشن کمیشن ، سیکرٹری الیکشن کمیشن اور الیکشن کمیشن کے سینئر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں سیکرٹری الیکشن کمیشن نے الیکشن کمیشن کو بریف کیا کہ پنجاب، سندھ اور خیبرپختونخوا کی درج ذیل حلقہ جات میں الیکشن کمیشن نے ضمنی انتخابات کے لیے شیڈول دیا ہوا ہے جس کے مطابق پولنگ 11 ستمبر، 25 ستمبر اور 2 اکتوبر 2022ء کو ہوگی۔

جن حلقوں میں الیکشن ملتوی ہوئے ہیں ان میں این اے 157، پی پی 139 شیخوپورہ، پی پی 241 بہاولنگر، این اے 22 مردان، این اے 24 چارسدہ، این اے 31 پشاور، این اے 45 کرم، این اے 108 فیصل آباد، این اے 118 ننکانہ، این اے 237 کراچی، این اے 239 کراچی، این اے 246 کراچی، پی پی 209 خانیوال کے حلقے شامل ہیں۔

سیکرٹری الیکشن کمیشن نے بتایا کہ حالیہ تباہ کارشوں اور سیلاب سے سندھ، خیبرپختونخوا اور جنوبی پنجاب میں سیلاب کی تباہ کاریوں کی وجہ سے ذرائع آمدورفت مخدوش ہو چکے ہیں، عمارات تباہ ہو گئی ہیں، ٹرانسپورٹ کا نظام درہم برہم ہیں، اور قومی ایمرجنسی کی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔ تمام قومی ادارے جن میں پولیس، پاک، فوج، رینجرز سمیت دیگر الیکشن ڈیوٹی میں تعینات کیے گئے تھے، سیلاب متاثرین میں خوراک کی ترسیل اور وبائی امراض کے پھیلاؤ کی وجہ سے ضروری امدادی کارروائیوں اور متاثرین کی محفوظ مقامات پر آباد کاری میں انتہائی حد تک مصروف ہیں، الیکشن کمیشن نے 23 اگست کو وزارت داخلہ کو ضمنی انتخابات کے پر امن انتخابات کے لیے پاک فوج، رینجرز سمیت دیگر کی خدمات حاصل کی تھیں، تاکہ پر امن انتخابات کروائے جا سکیں، لیکن تاحال مذکورہ قومی ایمرجنسی کی وجہ سے الیکشن کے انعقاد کے لیے ان کی تعیناتی کی یقین دہانی نہیں کروائی گئی۔ خیبرپختونخوا میں امن و امان کی صورتحال کشیدہ ہے جہاں پر حالیہ دنوں میں قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملے کیے گئے ہیں جس سے قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا ہے۔

ترجمان کے مطابق وزارت داخلہ نے جو فیڈ بیک دیا ہے اس میں کہا گیا ہے پاک فوج، رینجرز، ایف سی ملک میں سیلاب زدگان کی امدادی کارروائیوں، اندرونی سکیورٹی اور دہشتگردی کی کارروائیوں کی روک تھام میں مصروف ہیں، اسی طرح ملٹری اتھارٹیز نے بھی سیلابی قومی سانحہ کا حوالہ دیا ہے جس کی وجہ سے وزیراعظم نے نیشنل فنڈ بھی قائم کیا ہے اور عالمی طور پر امداد کی اپیل کی گئی ہے تاکہ اس قومی سانحہ سے نمٹا جا سکے اور کہا کہ فوج، رینجر اور ایف سی امدادی کارروائیوں میں مصروف ہے لہٰذا ان حالات کی وجہ سے امدادی کارروائیوں سے واپس بلانا اور پر امن الیکشن کے انعقاد کے لیے دستیابی مشکل ہے۔

ترجمان کے مطابق صوبائی الیکشن کمیشن سندھ، خیبرپختونخوا اور پنجاب نے بھی موجودہ حالات میں ضمنی انتخابات کے انعقاد کو ناممکن قرار دیا اور بتایا کہ مختلف سرکاری عمارتوں میں سیلاب متاثرین کو رکھا گیا ہے اور جہاں سے امدادی خوراک کی ترسیل بھی کی جا رہی ہے جو کہ پولنگ سٹیشنوں کے لیے مختص کی گئی تھیں۔

ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق تمام صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے تمام حلقوں میں ضمنی انتخابات کی صرف پولنگ تاریخوں کو ملتوی کیا جاتا ہے، باقی مراحل الیکشن کمیشن کے مطابق مکمل ہوں گے اور حالات کی بہتری اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی دستیابی پر الیکشن کمیشن جلد نئی پولنگ کی تاریخوں کا اعلان کیا جائے گا۔

Comments are closed.