اسلام آباد : الیکشن کمیشن نے پنجاب میں 30 اپریل کو ہونے والے عام انتخابات کو ملتوی کر دیا۔انتخابی شیڈول بھی منسوخ۔الیکشن 8 اکتوبر کو ہوں گے ۔ الیکشن کمیشن نے انتخابی شیڈول منسوخ کرنے کا حکم نامہ جاری کر دیا۔امن و امان کی صورتحال اور مالی و انتظامی بحران الیکشن ملتوی کرنے کی وجہ قرار دیئے گئے ہیں ۔ حکم نامے پر چیف الیکشن کمشنر اور چاروں ممبران کے دستخط ہیں ۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے چھ صفحات پر مشتمل حکم نامہ جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ انتخابات کا شیڈول الیکشن ایکٹ دو ہزار سترہ کی شق دو سو اٹھارہ کی ذیلی شق تین کے تحت منسوخ کیا گیا ہے ۔ جس کے لیے الیکشن ایکٹ کے سیکشن اٹھاون کو سیکشن آٹھ سی کے تحت پڑھا جائے گا ۔اپنے حکم نامے میں کمیشن نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کو پنجاب حکومت ۔ وزارت داخلہ ۔ وزارت دفاع اور وزارت خزانہ نے سیکیورٹی ۔ مالی اور انتظامی امور پر بریفنگ دی ہے ۔ الیکشن کے انعقاد سے متعلق وفاقی و صوبائی حکومتوں کے ساتھ ہونے والے مختلف اجلاسوں میں الیکشن کمیشن کو بتایا گیا کہ صوبے میں امن وامان کی صورت حال الیکشن کے لیے سازگار نہیں ہے ۔ صوبے کے مختلف اضلاع میں دہشت گردی کے واقعات ہوئے ہیں ۔ جبکہ کئی ایسے واقعات کو ناکام بھی بنایا گیا ہے ۔
کمیشن نے حکم نامے کے متن میں کہا ہے کہ امن و امان یقینی بنانے کے لیے وزارت دفاع اور وزارت داخلہ کو فوج کے دستے طلب کرنے کی ہدایت کی گئی تاہم کمیشن کو بتایا گیا کہ سرحدوں پر امن و امان کی صورتحال اور انسداد دہشت گردی کی کاروائیوں کے باعث فوج الیکشن کے لیے مکمل ڈیوٹی نہیں دے سکتی ۔ اور فوج الیکشن میں صورت کوئیک رسپانس فورس کے طور پر کام کرے گی ۔ کمیشن نے اپنے حکم نامے کے متن میں کہا ہے کہ وفاقی و صوبائی حکومتوں کی جانب سے مالی بحران سے بھی آگاہ کیا گیا ہے ۔
حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ وفاقی و صوبائی حکومتوں کی جانب سے پیش کیے گئے حالات کے باعث تیس اپریل کو الیکشن کا انعقاد ممکن نہیں ہے اس لیے الیکشن کمیشن آٹھ مارچ کو جاری کردہ شیڈول سے دستبردار ہوتا ہے ۔ الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ اب الیکشن آٹھ اکتوبر کو منعقد کرایا جائے گا جس کے لیے مناسب وقت پر نیا شیڈول جاری کیا جائے گا ۔ حکم نامے میں الیکشن کمیشن اور عدالتوں کے مختلف فیصلوں کا حوالہ دیا گیا ہے ۔
Comments are closed.