ان حالات میں الیکشن نہیں ہوں گے،ترازو کے پلڑے برابر کرو، مریم نواز

شیخوپورہ : مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ عمران خان کی سیاست دفن ہو چکی، جب تک نواز شریف کے ساتھ انصاف نہیں ہو گا ن لیگ الیکشن نہیں چاہے گی۔فیض پور میں تنظیمی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے عمران خان پر سخت تنقید کی اور استفسار کیا اپنی گندی سیاست کی خاطر کتنی ماؤں کی گودیں اجاڑو گے عمران خان؟ انہوں نے کہا اپنے بچے ملک سے باہر بٹھائے ہوئے ہیں۔

مریم نواز نے کہا ثاقب نثار کہتا ہے مریم نواز بدتمیز و بے ادب ہے، ثاقب نثار! مریم نواز کی تربیت نواز شریف نے کی ہے، اگر انصاف کے دو معیار ہوں گے تو مریم نواز چپ نہیں بیٹھے گی، نواز شریف نے مجھے جابر حکمرانوں کے سامنے کلمہ حق بلند کرنے کی تربیت دی ہے۔مسلم لیگ ن الیکشن میں بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگی، جب تک نواز شریف کے ساتھ انصاف نہیں ہو گا ن لیگ الیکشن نہیں چاہے گی، انصاف کے دونوں پلڑے برابر کرا دو پھر کل الیکشن کرا دو، مسلم لیگ ن الیکشن سے بھاگنے والی نہیں لیکن پہلے انصاف کے تقاضے پورے کیے جائیں۔

مریم نواز نے کہا عمران خان نے زمان پارک والے گھر میں پولیس کے ڈر سے بلٹ پروف کمرہ بنایا ہے، عدالتوں میں پیشی ہو تو عمران خان کہتا ہے میں بزرگ ہوں، میں بیمارہوں، عمران کو عدالت بلاتی ہے تو پلاسٹر والی ٹانگ دکھا دیتا ہے اور ریلیوں میں چلا جاتا ہے، عمران سے کوئی پوچھے اگر چوری نہیں کی تو پیشی سے کیوں ڈرتے ہو؟۔

مریم نواز نے کہا میں نے عمران کی پابندیاں توڑ کر گاڑیوں کی چھتوں پر کھڑے ہو کر جلسوں سے خطاب کیا، جتنا ظلم میں نے 4،5 سال برداشت کیا تم اس کا ایک فیصد مرد ہو کر بھی برداشت نہیں کرسکتے، جس کا دامن صاف ہو وہ پیشیوں اور تلاشی سے نہیں ڈرتا، کوئی بھی عمران خان کے لیے نہیں نکلے گا، کل لاہور کی ریلی میں عوام نے اس کو مسترد کر دیا، صبح عدالت کو کہتا ہے جان کو خطرہ ہے شام کو ریلی سے خطاب کیلئے نکل جاتا ہے۔

مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز کا کہنا تھا کہ اپنی جماعت کے کارکن کی شہادت پر انہوں نے سیاست کی، ظل شاہ کئی ہفتے اس کے گھر کے باہر بیٹھ کر اس کی حفاظت کرتا رہا، عمران خان نے ظل شاہ سے کبھی ہاتھ تک نہیں ملایا، ابھی پولیس آپ کو پیچھے دھکیل رہی تھی میرے دل کو تکلیف ہوئی، مجھے یہ گوارہ نہیں میرے کارکن کھڑے رہیں اور میں کرسی پر بیٹھ جاؤں۔

مریم نواز نے کہا کہ قوموں کی زندگیوں میں مشکل وقت آتے رہتے ہیں، جو مشکل وقت سے ڈر کے چھپ جائے اس کو عمران خان کہتے ہیں، نواز شریف نے اپنے کارکنوں کو اپنا ڈھال نہیں بنایا، نواز شریف اپنی بیٹی کا ہاتھ پکڑ کر گرفتاری دینے پاکستان آیا، کیا نواز شریف گھبرا کر چھپا؟ کیا اس نے کہا کہ میں عدالت میں پیش نہیں ہوں گا؟۔عمران خان رانا ثنا اللہ سے ڈر کر چھپ کر چارپائی کے نیچے بیٹھا ہے۔میں نے کبھی کسی سیاسی لیڈر کو گرفتار ی کے ڈر سے چھپتے نہیں دیکھا۔

Comments are closed.