بھارت کے دہلی سے دبئی جانے والے ایک مسافر طیارے نے منگل کو پاکستان میں ہنگامی لینڈنگ کی ہے۔
پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ترجمان سیف اللہ خان نے فنی خرابی کے باعث طیارے کے کراچی ہوائی اڈے پر اترنے کی تصدیق کی۔ سپائس جیٹ کمپنی کا مسافر طیارہ تاحال کراچی ایئرپورٹ پر موجود ہے۔ فنی خرابی کے باعث یہ جہاز آج صبح نو بج کر 15 منٹ پر اجازت ملنے کے بعد جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اترا گیا۔ترجمان کا کہنا ہے کہ بھارتی طیارے کے کپتان نے جہاز میں خرابی کے باعث کراچی ایئرپورٹ کے کنٹرول ٹاور سے رابطہ کیا جس کے بعد اسے ایمرجنسی لینڈنگ کی اجازت دی گئی۔ کچھ وقت تک مسافروں نے جہاز میں ہی انتظار کیا جہاں انہیں ریفریشمنٹ فراہم کی گئی۔ یہ بوئنگ737 طیارہ ہے جو آج صبح آٹھ بج کر تین منٹ پر بھارت سے روانہ ہوا اور نو بج پر 50 منٹ پر اسے دبئی ایئرپورٹ پہنچانا تھا۔ جہاز میں کل 138 مسافر موجود ہیں جنہیں باحفاظت ٹرانزٹ لاؤنج میں منتقل کرنے کے بعد کھانے پینے کا سامان اور دیگر ضروری سہولیات مہیا کی گئی ہیں۔
اس دوران پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائن کے انجینیئر طیارے کے کاکپٹ میں جاکر خراب ہونے والے فیول انڈی کیٹر کا معائنہ کر رہے ہیں۔البتہ سپائس جیٹ کمپنی کے مطابق لائٹ انڈی کیٹر میں خرابی کے باعث طیارہ کراچی ایئرپورٹ پر اتارا گیا۔ کمپنی کے مطابق وہ بھارتی مسافروں کے لیے متبادل طیارہ روانہ کر رہے ہیں۔
Comments are closed.