سپیکر قومی اسمبلی سے ای یو پاک فرینڈشپ فیڈریشن یورپ کے وفد کی ملاقات

چوہدری پرویز اقبال لوسر کی تارکین وطن کے مسائل کے حل کیلئے خصوصی ڈیسک قیام کی تجویز

اسلام آباد: سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے چیئرمین ای یو پاک فرینڈشپ فیڈریشن یورپ چوہدری پرویز اقبال لوسر کی قیادت میں ایک وفد نے آج اُن کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔

چیئرمین ای یو پاک فرینڈشپ فیڈریشن نے اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے بارے میں سپیکر کو آگاہ کیا۔ پرویز لوسر نے تجویز پیش کی کہ پاکستانی سفارتخانوں میں ایک خصوصی ڈیسک قائم کیا جائے جو صرف اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کو حل کرے۔ انہوں نے کہا کہ یہ وقت کی اہم ضرورت ہے کہ پاکستان دنیا کے ساتھ اپنے اقتصادی تعلقات کو سیاسی اور سفارتی تعلقات پر فوقیت دے۔

چئرمین پرویز لوسرنے مسئلہ کشمیرکو یورپ بھر میں اجاگر کرنے، ہندوستانی جبر و تسلط اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کی حالت زار کے کو اجاگر کرنےمیں اپنی تنظیم کی جانب سے کیے گئے اقدامات سے سپیکر قومی اسمبلی کو آگاہ کیا۔ پرویز لوسر نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ان کی تنظیم بھارتی حکومت کے کشمیر کے بارے میں منفی اور سازشی پروپیگنڈے کو ہر سطح پر بے نقاب کرے گی۔

سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے پرویز لوسر اور اُن کی تنظیم کی طرف سے مسئلہ کشمیر کو یورپ کی گلیوں و کوچوں اور عام لوگوں تک اور یورپین پارلیمنٹ تک پہنچانے میں کیے گئے اقدامات کو سراہا۔ سپیکر نے  ای یو پاک فرینڈشپ فیڈریشن کی جانب سے 5 اگست کو مقبوضہ کشمیر پر بھارتی فوج کی طرف سے کیے گئے محاصرے کے ایک سال مکمل ہونے پر یورپ بھر میں نکالی گئ احتجاجی ریلیوں اور کانفرنسوں کے انعقاد کو بہت سراہا۔

ملاقات میں ہالینڈ سے آئے ہوئے فیڈریشن کے اراکین سلیمان، شامی، یحیٰی بھنڈر اور پرتگال سے علی سبیل بھی موجود تھے۔

Comments are closed.