مری میں ہوٹل مافیا کی غنڈہ گردی۔۔۔گلوریا جینز عملے کا سیاح فیملی پر ظالمانہ تشدد

راولپنڈی: ملکہ کوہسار مری میں ہوٹل مافیا کی فرعونیت کا ایک اور واقعہ سامنے آ گیا، سیاحتی مقام کی سیر وتفریح کے لئے آنے والی ایک فیملی کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا گیا ہے۔

مری ایکسپریس وے پر گلوریا جینز ریسٹورنٹ کے عملے نے فیصل آباد سے آنے والی فیملی کے ساتھ نہ صرف بدتمیزی کی بلکہ ان پر دھاوا بول دیا، سیاح علی توقیر اور ان کے گھر کی خواتین پر بہیمانہ تشدد کیا گیا اور بچوں کو دھکے مارے گئے۔

اس تمام تر واقعہ کی اطلاع پولیس کو دی گئی لیکن پولیس اہلکار موقع پر نہیں پہنچے، ریسکیو اہلکاروں نے سیاح فیملی کو تحصیل ہیڈکوارٹرز اسپتال منتقل کیا، متاثرہ فیملی کے سربراہ علی توقیر کا کہنا ہے کہ ریسٹورنٹ عملے نے ان کی اہلیہ جو کہ امید سے تھیں ان کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا۔

واضح رہے کہ مری میں سیاحوں کے ساتھ بدسلوکی اور مار پیٹ کرنے کا یہ پہلا واقعہ نہیں ماضی میں بھی اس سیاحتی مقام پر مختلف مافیاز کی جانب سے سیاحوں کو تشدد کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے، تاہم اس تمام تر معاملے میں متعلقہ حکام کی جانب سے کوئی ٹھوس اقدام نہیں اٹھایا گیا۔

Comments are closed.