اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ پاکستانی قوم کشمیری جدوجہد کیساتھ ہمیشہ کھڑی ہے، پاکستان پوری دنیا میں کشمیریوں کی آواز ہے، ماضی میں حکومتوں اور اداروں کے رویوں کو بہت قریب سے دیکھا لیکن موجودہ دور حکومت سے زیادہ مایوس کن دور پہلے نہیں آیا۔
اسلام آباد میں یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ قومی ادارے کشمیریوں کا حق ادا نہیں کر پائے۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کی 70 سالہ جدوجہد کو قدر کی نگاہ سے نہیں دیکھا جارہا، اگر حالات کو نہ دیکھا گیا تو صورتحال دوسری طرف بھی جا سکتی ہے۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ نائن الیون کے بعد آزادی کی تحریکیں متاثر ہوئیں، جدوجہد آزادی اور دہشت گردی کو آپس میں ملا دیا گیا، کشمیریوں اور فلسطین کی جدوجہد کو دہشت گردی کہا جاتا ہے۔ پاکستانی حکومتیں اور سیاسی جماعتیں بھی اس صورتحال سے متاثر ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ حکمران اورریاستی اداروں کی کوتاہی کشمیریوں ساتھ وفاداری نبھانے میں ناکامی ہے، کشمیریوں کا حق خود ارادیت بین الاقوامی سطح پر تسلیم کیا گیا ہے، ہم عہد کرتے ہیں کہ قوم جدوجہد کا تسلسل برقرار رکھتے ہوئے کشمیریوں کے شانہ بشانہ ہے، کشمیریوں کے لئے جدوجہد کا تسلسل جاری رہے گا۔
Comments are closed.