وفاقی کابینہ:الیکشن کمیشن کو فنڈ کا معاملہ پارلیمنٹ لے جانے پراتفاق

وزیراعظم شہبازشریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا۔وزیراعظم شہباز شریف نے ویڈیو لنک پر وفاقی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کی جبکہ بیشتر کابینہ اراکین بھی ویڈیولنک پر ہی اجلاس میں شریک ہوئے۔ وفاقی وزیر ریاض پیرزادہ، ساجد طوری، وزیراعظم کے مشیر امیر مقام ، وزیر ہاؤسنگ مولانا عبدالواسع، وزیرمملکت ہاشم نوتیزئی وزیراعظم ہاؤس میں اجلاس میں شریک ہوئے۔

اعلامیے کے مطابق اجلاس میں وفاقی حکومت کی جانب سے پنجاب الیکشن کے لیے الیکشن کمیشن کو فنڈز دینے یا نہ دینے سے متعلق بھی فیصلہ کیا گیا۔وفاقی کابینہ نے ملکی سیاسی و معاشی صورتحال کا جائزہ لیا اور صدر مملکت کے سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجربل واپس بھجوائے جانے پربھی غور کیا گیا۔ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں پنجاب الیکشن کے لیے فنڈز کی منظوری نہیں دی جا سکی، وفاقی کابینہ نے پنجاب انتخابات فنڈز کا معاملہ قومی اسمبلی بھجوانے کی منظوری دیدی، اجلاس میں فیصلہ ہوا ہے پارلیمنٹ سپریم ہے جو فیصلہ کرے اس کا اختیار ہے، پنجاب اسمبلی کے انتخابات کے فنڈز کا فیصلہ پارلیمنٹ کرے گی۔

اعلامیے کے مطابق اجلاس دوگھنٹے تک جاری رہا۔اجلاس نے چار۔ تین کے تناسب سے آنے والے عدالتی حکم اور چارمعزز جج صاحبان کے تفصیلی فیصلے پر غور کیا جبکہ 6 اپریل 2023 کو قومی اسمبلی کی منظور کردہ قرار داد پر تفصیلی مشاورت کی۔ وزیرقانون سینیٹر اعظم نزیر تارڑ نے اجلاس کو مختلف آئینی وقانونی امور پر بریفنگ دی اور کابینہ کے ارکان کے سوالات کے جواب دیئے۔

تمام پہلوﺅں کابغور جائزہ لینے اور تفصیلی مشاورت کے بعد کابینہ نے متفقہ طور پر وزارت خزانہ کو ہدایت کی کہ وزارت قانون کی مشاورت سے اس معاملے میں پارلیمان سے راہنمائی حاصل کرنے کے لئے طریقہ کار اور ضابطہ کے مطابق سمری تیار کرے اور کل کابینہ کے اجلاس میں پیش کرے۔اجلاس نے طے کیا کہ کابینہ کا اجلاس 10 اپریل 2023 کو دوبارہ بلایا جائے تاکہ مستقبل کی حکمت عملی سے متعلق فیصلہ کیاجاسکے۔

Comments are closed.