خاتون اول آصفہ بھٹو کا پنجاب میں سیلابی صورتحال پر تشویش کا اظہار، ریلیف میں اتحاد پر زور

خاتون اول آصفہ بھٹو نے پنجاب میں حالیہ سیلابی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ یہ وقت ہے جب ضرورت مند بھائی بہنوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جانا چاہئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ زندگیاں بچانے کے لیے سب کو متحد ہو کر کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ کسی بھی قیمتی جان کا نقصان نہ ہو۔

دریاؤں میں شدید سیلاب

واضح رہے کہ دریائے ستلج، چناب اور راوی میں شدید طغیانی کے باعث پنجاب کے سات اضلاع میں خطرے کی گھنٹی بج چکی ہے۔ ہزاروں افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے جبکہ متعدد قیمتی جانیں بھی ضائع ہو چکی ہیں۔ مون سون بارشوں کے نتیجے میں ان دریاؤں میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہو گئی ہے۔

دریائے ستلج کی خطرناک صورتحال

محکمہ آبپاشی کے مطابق دریائے ستلج میں ہیڈ گنڈا سنگھ کے مقام پر پانی کی سطح 23 فٹ تک پہنچ گئی ہے، جس نے قریبی علاقوں میں بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے۔ کھیت کھلیان زیر آب آ چکے ہیں جبکہ کئی دیہات کا زمینی رابطہ بھی منقطع ہو گیا ہے۔

ریسکیو اور ریلیف آپریشنز

پی ڈی ایم اے پنجاب اور این ڈی ایم اے کے مطابق ریسکیو اور ریلیف آپریشنز میں پاک فوج، ریسکیو 1122، پولیس اور ضلعی انتظامیہ مشترکہ طور پر حصہ لے رہی ہیں۔ اب تک 5 ہزار 100 افراد اور 1 ہزار 700 جانوروں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔ متاثرہ علاقوں میں عارضی شیلٹرز قائم کیے جا رہے ہیں جبکہ خوراک اور طبی امداد بھی پہنچائی جا رہی ہے۔

Comments are closed.