نوجوان ،قائد کا حقیقی پاکستان بنانے کیلئے شب و روز ایک کر دیں، میاں محمد جاوید

اسلام آباد: قائداعظم نے پاکستان کو واضح طور پر ایک جمہوری، اسلامی فلاحی مملکت قرار دیا تھا۔ دو قومی نظریہ پر قیامِ پاکستان کی بنیاد اس حقیقت کا ٹھوس ثبوت ہے کہ یہ ملک ایک اسلامی ریاست کی صورت میں دنیا کے نقشے پر ابھرا ہے۔ آج ہم جن سیاسی،سماجی و معاشی مسائل کا شکار ہیں ان کی بڑی وجہ ہمارا اپنے قائد کے پیغام کو بھلا دینا ہے۔

ان خیالات کا اظہار نظریہ پاکستان کونسل کے چیئرمین میاں محمد جاوید نے ایوانِ قائد میں پرچم کشائی کی تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح نے نومولود پاکستان کی ترقی کا واضح خاکہ اپنے خطابات کے ذریعے پیش کر دیا تھا۔ اس لئے میں آج یہاں اکثریت میں موجود نوجوانوں اور طلباء و طالبات کی توجہ قائداعظم کے پیغام کی جانب مبذول کرانا چاہتا ہوں۔ آپ پاکستان کا روشن مستقبل ہیں۔ مجھے آپ سے یہ کہنا ہے کہ پاکستان کو حقیقی معنوں میں قائد کا پاکستان بنانے کے لئے اپنے شب و روز ایک کر دیجئے۔ وہ پاکستان جس کی بنیاد ہی دو قومی نظریہ ہے۔ آخر میں انہوں نے تقریب کے تمام شرکاء خصوصاً گرل گائیڈز اور طلباء و طالبات کا شکریہ ادا کیا۔

قبل ازیں چیئرمین این پی سی میاں محمد جاوید ، ایگزیکٹو سیکرٹری گوہر زاہدملک، ایڈیٹرانچیف پاکستان آبزرورفیصل زاہدملک، پاکستان گرل گائیڈز ایسوسی ایشن کی سینئر گرل گائیڈ نعیم فاطمہ علوی، پازیٹو پاکستان کے صدر عابد اقبال کھاری، محمد زبیر قریشی ، امتیاز قریشی، پاک ترک سکول اور دارارقم سکول کے اساتذہ اور طلباء و طالبات نے وطنِ عزیز کے یومِ آزادی پر پرچم کشائی کی۔ سب نے مل کر قومی ترانہ پڑھا اور ملی نغمے بھی گنگنائے۔ بعد ازاں ڈائریکٹر میڈیا نے تقریب کے شرکاء کو قائد گیلری، اقبال گیلری، کشمیر گیلری اور نوادراتِ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر مبنی تصاویر دکھائیں اورشرکاء کو ان کے پسِ منظر سے آگاہ کیا۔

Comments are closed.