سیلاب : جاں بحق افراد کے لواحقین کو 24 گھنٹوں میں معاوضہ دیا جائےگا، وزیراعظم

شفافیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، چاہے میری جان چلی جائے، ایک پائی بھی کسی غیر مستحق تک نہیں پہنچنے دیں گے، شہباز شریف

غذر: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سیلاب میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کو آئندہ 24 گھنٹوں میں معاوضہ دیا جائے گا، میں یقین دلاتا ہوں کہ یہ امداد صرف حقدار کو ملے گی، شفافیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، چاہے میری جان چلی جائے، ایک پائی بھی کسی غیر مستحق تک نہیں پہنچنے دیں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے گلگت بلتستان کے دورے کے موقع پر سیلاب متاثرین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں نے اپنی زندگی میں اتنی بڑی سیلاب کی تباہی نہیں دیکھی، آپ سے مصیبت کی گھڑی میں اظہار تعزیت کرنے آیا ہوں، سیلابی ریلے نے غذر میں جو تباہی مچائی ہے اس کا پورے پاکستان کو افسوس ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ سیلاب نے سندھ ، خیبر پختونخوا، پنجاب کے جنوبی علاقوں سمیت دیگر اضلاع میں بھی تباہی مچائی ہے، جو تباہی ہوئی ہے اس کی مثال نہیں ملتی، ایک ہزار سے زائد افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، لاکھوں گھر تباہ ہوئے ہیں اور بڑے پیمانے پر مویشی ہلاک ہوئے ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان پہلے ہی مشکل میں تھا، اب سیلاب کی صورتحا ل میں ایک اور امتحان ہمارے سامنے ہے، سیلاب سے لوگوں کی زندگی کی جمع پو نجی ختم ہوگئی ہے، گلگت بلتستان میں بھی صورتحال تشویشناک ہے، غذر میں بھی سیلاب نے تباہی پھیلائی ہے لیکن سیلاب متاثرین کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑیں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ایک خاندان جو ہمارے سامنے بیٹھا ہے اس کی کہانی بہت درد ناک ہے، اس خاندا ن کے متعدد افراد سیلاب کے باعث جاں بحق ہوگئے ہیں، اس خاندان میں صرف ایک بچی بچ سکی ہے جو ہمارے سامنے ہے، ہمیں اس بچی کے سر پر دست شفقت رکھنا ہے، جن کے پیارے دنیا سے چلے گئے ہیں اس پر ہمیں دلی افسوس ہے، غذر میں ہونے والے نقصانات کے جائزہ لینے کیلئے سروے کیا جا رہا ہے۔

گلگت میں سیلاب متاثرین سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعظم میاں شہباز شریف نے کہا کہ میں چین سے نہیں بیٹھوں گا، کوئی سیاست نہیں کرنی ہے، ہم نے صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر کام کرنا ہے، گلگت بلتستان میں جس کی بھی حکومت ہو ہم نے مل کر کام کر نا ہے، یہ سیاست کا نہیں ،خدمت کا وقت ہے، سیاست کو بالائے طاق رکھتے ہوئے خدمت کرنے پر یقین رکھتے ہیں۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دوست ممالک سیلاب متاثرین کی امداد و بحالی کیلئے تعاون کر رہے ہیں، برادر اور دوست ممالک سے سیلاب متاثرین کیلئے امداد مل رہی ہے۔

Comments are closed.