امریکا میں تیزاب گردی:پاکستانی نژاد طالبہ کو ہرممکن مدد فراہم کرینگے، زاہدحفیظ چوہدری

ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے کہا ہے کہ امریکا میں تیزاب گردی کا نشانہ بننے والی پاکستانی نژاد طالبہ  اور انکے خاندان کو ہر ممکن مدد کی پیشکش کی گئی۔

امریکا میں تیزاب گردی کا نشانہ بننے والی پاکستانی نژاد طالبہ نافیہ کے حوالے سے ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری کا کہنا ہے کہ نیویارک میں پاکستانی قونصل جنرل متاثرہ خاندان کے ساتھ رابطے میں ہیں، قونصل خانے کی جانب سے ہر ممکن مدد کی پیشکش کی گئی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ نافیہ امریکی شہری ہیں جن کا تعلق پاکستان سے ہے وہ لانگ آئی لینڈ میں اپنے والدین کے ساتھ رہائش پذیر ہیں، مقامی پولیس کی 12 رکنی ٹیم تیزاب گردی کے واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے۔

زاہد حفیظ چوہدری کا کہنا ہے کہ ہمیں جرم کی نوعیت اور اس کے پیچھے کار فرما عوامل جاننے کے لئے مقامی پولیس کی تحقیقات مکمل ہونے کا انتظار کرنا چاہیے۔ اس دوران واشنگٹن ڈی سی میں پاکستانی سفارت خانہ اور نیویارک میں قونصلیٹ جنرل اس حوالے سے ہونے والی پیشرفت پر نظر اور متعلقہ حکام سے رابطے میں رہیں گے۔ اس دوران متاثرہ خاندان کو ہر ممکن مدد فراہم کیا جائے گا۔

Comments are closed.