سابق چیف جج رانا شمیم بیان حلفی سے منحرف ہو گئے

سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے ایک جج کو فون کال کرکے ہدایات دی کہ 2018 کے عام انتخابات سے قبل نواز شریف اور مریم نواز رہا نہیں ہونے چاہئے، بیان حلفی

اسلام آباد : گلگت بلتستان سپریم ایپلیٹ کورٹ کے سابق چیف جج رانا شمیم بیان حلفی سے منحرف ہو گئے۔

سابق چیف جج گلگت بلتستان نے توہین عدالت کیس میں بیان حلفی سے لاتعلقی کا اظہارکردیا۔ تمام الزامات واپس لیتے ہوئے اسلام آباد ہائیکورٹ میں نیا بیان حلفی جمع کروادیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ جمع کرائے گئے بیان میں غیر مشروط معافی مانگتے ہوئے کہا کہ اپنے آپ کو عدالت کے رحم و کرم پر چھوڑتا ہوں۔ بیان حلفی میں غلطی سے ہائیکورٹ کے جج کا نام شامل ہو گیا تھا۔ اپنی اس سنگین غلطی پر معافی کا طلبگار ہوں جو دراصل نہیں ہونی چاہئے تھی۔ میں اپنے بیان حلفی کے متن کو واپس لیتا ہوں۔ غلط اور غیر ضروری بیان حلفی پر معافی بھی مانگتا ہوں۔ رانا شمیم نے بیان حلفی میں انکشاف کیا تھا کہ ان کے سامنے سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے ایک جج کو فون کال کرکے ہدایات دی کہ 2018 کے عام انتخابات سے قبل نواز شریف اور مریم نواز رہا نہیں ہونے چاہئے۔اسلام آباد ہائی کورٹ نے بیان حلفی کی اخبار میں اشاعت پر توہین عدالت کی کارروائی کا آغاز کیا تھا۔

Comments are closed.