سابق وزیراعظم میرظفراللہ خان جمالی 76 سال کی عمر میں عارضہ قلب کے باعث راولپنڈی میں انتقال کر گئے، ان کے بیٹے نے والد کی وفات کی تصدیق کر دی ہے۔
سابق وزیراعظم میرظفراللہ خان جمالی عارضہ قلب میں مبتلا تھے اور دل کا دورہ پڑنے پر انہیں چند روز قبل راولپنڈی کے عسکری ادارہ برائے امراض قلب میں داخل کرایا گیا تھا، حالت تشویشناک ہونے کے باعث میرظفراللہ خان جمالی کو وینٹی لیٹر پر رکھا گیا تھا۔
چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی، اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر،ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری، وزیر ریلوے شیخ رشید احمد سمیت دیگر سیاسی شخصیات نے میرظفراللہ جمالی کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے، انہوں نے مرحوم کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لئے صبر کی دعا کی ہے۔
اہم سیاسی شخصیات کی جانب سے سابق وزیراعظم کی ملک و قوم کے خدمات پر زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا گیا ہے، اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا ہے کہ میر ظفر اللہ جمالی کے انتقال کی خبر سن کر دل بہت رنجیدہ ہے،میر ظفر اللہ جمالی ایک بہترین سیاستدان اور اچھی شخصیت کے حامل تھے۔
میرظفراللہ جمالی یکم جنوری 1944 کو بلوچستان کے ایک چھوٹے سے گاؤں روجھان جمالی میں پیدا ہوئے ان کا تعلق ایک سیاسی خاندان سے تھا، ان کے چچا میر جعفر خان جمالی قائداعظم محمد علی جناحؒ کے قریبی ساتھیوں میں شمار ہوتے تھے۔
واضح رہے کہ میرظفراللہ خان جمالی سابق صدر پرویز مشرف کے دور میں وزیراعظم بنے تاہم 2004 میں ان سے استعفیٰ لے کر شوکت عزیز کو وزیراعظم بنایا گیا،2013 میں آزاد حیثیت سے قومی اسمبلی کا الیکشن جیتنے کے بعد وہ مسلم لیگ (ن) میں شامل ہو گئے تھے۔
Comments are closed.