سابق صدر جسٹس (ر) رفیق تارڑ علالت کے بعد انتقال کر گئے

لاہور: سابق صدر پاکستان جسٹس (ر) محمد رفیق تارڑ انتقال کر گئے، وہ سانس، شوگر اور پھیپھڑوں سمیت متعدد بیماریوں میں مبتلا تھے، اور طویل عرصے سے علیل تھے۔

رفیق تارڑ 2نومبر 1929کو پیدا ہوئے، وہ 1989 سے 1991 تک چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ رہے، 1991سے 1994ء تک سپریم کورٹ کے جج بھی رہے، سپریم کورٹ کے جج کے طور پر ریٹائر ہونے کے بعد 1997 میں مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ پر سینیٹ کے رکن منتخب ہوئے اور پھر اسی سال ملک کے صدر بنے۔

 1999 میں پرویز مشرف کی طرف سے نواز شریف کی حکومت کی برطرفی کے بعد انہیں عہدے سے نہیں ہٹایا گیا، وہ 1998 سے 2001 تک صدر پاکستان رہے، رفیق تارڑ کا شمار نواز شریف کے قریبی ساتھیوں میں ہوتا تھا۔

رفیق تارڑ کے انتقال پر ملک کے تمام سیاسی اور سماجی حلقوں کی جانب سے افسوس کا اظہار کیا جارہا ہے، وزیر اعظم عمران خان نے سابق صدر رفیق تارڑ کے انتقال پر افسوس اور دکھ کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت اورسوگواران کو صبرِ جمیل کی دعا کی۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سابق صدر محمد رفیق تارڑ کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے، جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے۔

Comments are closed.