عام انتخابات مارچ یا اپریل 2023 میں ہوں گے، عمران خان کی پیشگوئی

سپریم کورٹ نے کہا تھا سب جماعتوں کا اکٹھا کیس چلے، الیکشن کمیشن اسٹیبلشمنٹ سے کنٹرولڈ ہے، جنرل باجوہ نے زرداری اور مراد علی شاہ سے ڈیل کر رکھی تھی، بلاول بھٹو نے میرے سے زیادہ بیرونی دورے کیے، عمران خان کی صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو

لاہور : سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ میری پیشگوئی ہے عام انتخابات مارچ یا اپریل 2023 میں ہوں گے۔ حالیہ دہشتگردی سے نمٹنا حکمرانوں کے بس کی بات نہیں، زرداری، پی ڈی ایم کے پاس ارکان کی منڈی لگانے اور گندی سیاست کےعلاوہ کچھ نہیں۔

لاہور زمان پارک میں سینئر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ مسلم لیگ ق کے ساتھ اتحاد کر رہے ہیں کیونکہ انہوں نے ساتھ دیا، پرویزالہٰی گروپ ہمارے ساتھ بہتر چل رہا ہے، مجھے ابھی تک ان پر اعتماد ہے، پیر کو قومی اسمبلی اراکین استعفوں کی تصدیق کیلئے جائیں گے، حکومت میں آنے کیلئے کوئی سمجھوتہ نہیں کروں گا۔

سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اداروں میں اس وقت مفاد پرست لوگ موجود ہیں، عدالت نے ہمیں موقع دے دیا ہے کہ جب مرضی اعتماد کا ووٹ لیں، کسی کو موقع نہیں دوں گا کہ اقتدار کیلئے عوام کے اعتماد کو ٹھیس پہنچائے، ملک کا سیاسی اور معاشی استحکام نئے الیکشن میں ہی ہے۔

عمران خان نے کہا کہ آخری ایک سال میں پتہ چلا جنرل باجوہ احتساب چاہتے ہی نہیں، جنرل باجوہ سمجھتے رہے پی ٹی آئی کا عروج کم ہوگا لیکن ہوا نہیں، پیپلزپارٹی اور ن لیگ کے پاس فنڈنگ کی کوئی رسید نہیں، ہمارے پاس 40 ہزار ڈونرز کا ڈیٹا بیس موجود ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ سپریم کورٹ نے کہا تھا سب جماعتوں کا اکٹھا کیس چلے، الیکشن کمیشن اسٹیبلشمنٹ سے کنٹرولڈ ہے، جنرل باجوہ نے زرداری اور مراد علی شاہ سے ڈیل کر رکھی تھی، بلاول بھٹو نے میرے سے زیادہ بیرونی دورے کیے۔

Comments are closed.