آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کور اور سندھ پولیس ہیڈکواٹرز کراچی کا دورہ

کراچی : آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کور ہیڈ کوارٹرز کراچی کا دورہ کیا ہے جہاں انہیں فارمیشن کے آپریشنل امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، صوبے خصوصاً کراچی کی سیکیورٹی صورتحال بھی بریفنگ کا حصہ تھی ، آرمی چیف کو کراچی ٹرانسفارمیشن پلان پر عملدرآمد میں سول انتظامیہ تعاون بارے آگاہ کیا گیا

آئی ایس پی آر کے مطابق بریفنگ میں بتایا گیا کہ فارمیشن، ایف ڈبلیو او، این ایل سی، این ڈی ایم اے کراچی کی بہتری میں کلیدی کردار ادا رہے ہیں۔ کراچی کو شہری سیلابی صورتحال سے تحفظ، متعلقہ شہری سہولیات کی بہتری کاوشوں میں شامل ہیں ۔ کراچی کے موجودہ بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے کے لیے کاوشیں جاری ہیں۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کراچی کور کی آپریشنل تیاریوں، داخلی سلامتی کے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے فارمیشن، سندھ رینجرز کی خدمات اور قربانیوں کو سراہا۔ آرمی چیف نے کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کے نفاذ میں تمام شراکت داروں کی ہم آہنگی کو بھی سراہا

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ہیڈ کوارٹرز سندھ پولیس کا بھی دورہ کیا ۔ آرمی چیف نے پولیس ہیڈکوارٹرز آمد پر یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی ۔ آرمی چیف نے صوبائی سیکیورٹی صورتحال میں بہتری کو یقینی بنانے میں سندھ پولیس کے اہم کردار کو سراہا، آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سندھ پولیس شہدا کے اہل خانہ سے بھی بات چیت کی اور پولیس شہداء اور لواحقین کی لازوال قربانیوں پر خراج عقیدت پیش کیا۔ آرمی چیف نے شہداء کے لواحقین کو پاک فوج کی ہرممکن حمایت کا یقین دلایا،قبل ازیں کراچی آمد پر کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل محمد سعید نے آرمی چیف کا استقبال کیا

Comments are closed.