راولپنڈی: وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف لندن میں ملک دشمنوں سے مل کر پاکستان اور پاکستانی اداروں کے خلاف کام کر رہے ہیں۔
وفاقی وزیر غلام سرورنے راولپنڈی میں پارٹی دفتر میں پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ نواز شریف کو واپس لانے کے لئے تمام ذرائع استعمال کر کے عوامی اور قانونی عدالت میں پیش کریں گے۔ سابق وزیراعظم قومی مجرم ہے جو پاکستان کو بھارت کا غلام بنانا چاہتے ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ نواز شریف 3 بار وزیر اعظم بنے 6بار ان کے خاندان کو بڑے صوبہ کی وزارت اعلیٰ ملی۔ پاکستان اس سے زیادہ ان کو اور کیا دیتا؟ مگر یہ پاکستان اور قومی اداروں کے خلاف بہتان تراشی کرتے ہیں۔ دو قومی نظریہ کی دھجیاں بھی اڑائیں،بھارت پاکستان کے ٹکڑے کرنا چاہتا ہے سابق وزیر اعظم بھارت کے ہاتھ کھیل رہے ہیں۔
انہوں ںے کہا کہ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین پاکستان کے خلاف بولا تو انہوں نے اپنے قائد سے لاتعلقی کر لی اور اپنی سیاست شروع کر دی۔ مسلم لیگ ن کے محب وطن کارکن، پارلیمنٹیرینز بھی اب آگے آئیں۔ بہت سارے اراکین نے اب کھل کر پاکستان مخالف نواز شریف کی سیاست مسترد کر دی ہے، نواز شریف نے آج تک کلبھوشن کا نام نہیں لیا نا کسی کو اپنی جماعت میں لینے دیا۔
غلام سرور نے کہا کہ جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف بھی باہر گئے مگر پاکستان کے خلاف کبھی کوئی جملہ نہیں کہا، نواز شریف ملک دشمن قوتوں سے آلہ کار بن گئے ہیں لندن میں چار ممالک کے سفارت خانوں میں ملاقاتیں کر چکے ہیں وہ پاکستان اور پاکستانی اداروں کے خلاف کام کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ شریف فیملی ایشیا کا سب سے بڑا کرپٹ خاندان ہے۔ سابق وزیر اعظم کا سابق صدر غلام اسحاق،فاروق لغاری،جنرل آصف نواز،جنرل وحید کاکڑ،جنرل کرامت،جنرل پرویز مشرف،جنرل راحیل اور جنرل باجوہ سب سے جھگڑے رہے۔ یہ کھاتے پاکستان کا ہیں اور سازش بھی پاکستان کے خلاف کرتے ہیں۔
Comments are closed.