شاندار پاکستان ، شاندار مستقبل اور خراب ماضی سے چھٹکارا ۔پی ٹی آئی کا نیا منشور پیش

بیرسٹر گوہر علی نے انتخابی منشور پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم اقتدار میں آکر آئینی ترامیم کروائیں گے، جس کے تحت وزیراعظم کو براہ راست عوام منتخب کریں گے، اسمبلی کی مدت پانچ سال سے کم کر کے چار سال کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے امیدوار اگرچہ آزاد الیکشن لڑ رہے ہیں لیکن وہ آزاد نہیں پارٹی کے ساتھ ہیں، شاندار پاکستان ، شاندار مستقبل اور خراب ماضی سے چھٹکارا ہمارا نیا منشور ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف اقتدار میں آکر ایک اور ٹرتھ ری کنسیلیئیشن کمیشن قائم کریگی، ہمارا منشور ہے ایک قوم ایک جیسا قانون، سب ہونگے برابر، ایک ملک میں دو قانون نہیں ہوسکتے ، ہم رول آف لاء پر زور دیتے ہیں، فوجداری ہو یا سول ہمارے کچھ قوانین فرسودہ ہوچکے ہیں، عوام کے بنیادی حقوق کے تحفظ کی خاطر فوجداری قوانین میں تبدیلیاں لیکر آئیں گے، نیا پاکستان اور نیا تفتیش کانظام کے تحت ہم آئینی ترامیم لائیں گے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ آئینی ترامیم کرکے وزیراعظم کو عوام سے براہ راست منتخب کرانے کا طریقہ لائیں گے، اسمبلی کی مدت پانچ سال سے کم کرکے چار سال کریں گے، سینیٹ کی مدت چھ سال سے کم کرکے پانچ سال کردیں گے، پچاس فیصد سینیٹ کو براہ راست عوام سے منتخب کرنےکا طریقہ اپنائیں گے۔

Comments are closed.