عمران خان کو اسلام آباد میں کسی صورت داخل نہیں ہونے دیں گے، حکومتی اتحادی
عام انتخابات مقررہ وقت پر ہی ہوں گے ۔ اجلا س میں نئے آرمی چیف کی تقرری کے حوالے سے بھی مشاورت ہوئی جس میں شرکاء کا کہنا تھا کہ وزیراعظم اس بارے آئین اور قانون کے مطابق اپنا اختیار استعمال کریں، اجلاس نے افواج پاکستان کے خلاف بے بنیاد پروپیگنڈے اور سوشل میڈیا پر چلائی جانے والی مہم کی شدید مذمت کی، پی ڈی ایم اور اتحادیوں کا اتفاق
اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کا متوقع لانگ مارچ کے پیشنظر پی ڈی ایم اور اتحادیوں نے عمران خان کو اسلام آباد میں کسی صورت داخل نہ ہونے دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ پی ڈی ایم اور اتحادی ممبران پر مشتمل 2 کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ ایک کمیٹی پارٹی ترجمانوں اور دوسری قانونی ماہرین پر مشتمل ہوگی۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پی ڈی ایم اور حکومتی اتحادیوں کے اجلاس میں ملکی داخلی صورت حال پر بریفنگ دی گئی۔ وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے اجلاس کو بتایا کہ عمران خان کے لانگ مارچ کے حوالے سے ہماری تیاری مکمل ہے۔
اجلاس کو سائفر، آڈیو لیکس ، کسانوں کے ساتھ ہونے والے مذاکرات اور مطالبات سے متعلق بھی آگاہ کیاگیا۔وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور ڈالرز کے مقابلے میں روپے کی قدر سے متعلق بریفنگ دی۔ پی ڈی ایم اور حکومتی اتحادیوں نے وزیر خزانہ کے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کردیا۔
اجلاس کے دوران پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے سیلاب کی حالیہ صورتحال پر بریفنگ دی جس پر وفاقی و سندھ حکومت کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات پر بھی اطمینان کا اظہار کیا گیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے شنگھائی تعاون تنظیم اور یو این جی اے سے متعلق آگاہ کیا۔
Comments are closed.