کار سرکار مداخلت،فارن فنڈنگ کیسز:عمران خان کی عبوری ضمانت منظور

انسداددہشتگردی عدالت اور بینکنگ کورٹ نے سابق وزیراعظم کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست بھی منظور کرلی

اسلام آباد : انسداد دہشتگردی کی عدالت نے دفعہ 144 کی خلاف ورزی اور کار سرکار میں مداخلت سے متعلق کیس میں عمران خان کی عبوری ضمانت میں 9 نومبر تک توسیع کردی گئی۔عدالت نے عمران خان کی حاضری سے استثنی کی درخواست منظور کر لی۔

انسداد دہشت گردی عدالت کے جج راجہ جواد عباس نے عمران خان کے خلاف دفعہ 144 کی خلاف ورزی اور کار سرکار میں مداخلت سے متعلق کیس کی سماعت کی۔عمران خان کے وکیل بابر اعوان عدالت میں پیش ہوئے۔بابر اعوان نے عمران خان کی آج حاضری سے استثنی کی درخواست دائر کر دی۔عدالت نے عمران خان کی حاضری سے استثنی کی درخواست منظور کرتے ہوئے سماعت 9 نومبر تک ملتوی کردی۔

بیکنگ کورٹ نے ممنوعہ فارن فنڈنگ کیس میں عمران خان کی عبوری ضمانت میں 10 نومبر تک توسیع کردی۔عدالت نے سابق وزیراعظم کی آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست بھی منظور کرلی۔

بنکنگ کورٹ کی جج رخشندہ شاہین نے فارن ایکسچینج ایکٹ میں عمران خان سمیت شریک ملزمان کی ضمانت کی درخواستوں پرسماعت کی۔معاون وکیل نے بتایاکہ مقدمہ میں چارضمانتیں ہیں۔

پراسیکیوٹررضوان عباسی نے دلائل دیے کہ عمران خان نےحفاظتی ضمانت ہائیکورٹ سےحاصل کی۔عمران خان کے وکیل نے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کرتے ہوئے بتایا کہ عمران خان لاہور میں لانگ مارچ کی قیادت کر رہے ہیں۔کیس کا پہلے حدود کا ایشو تھا۔۔اسلام آباد ہائی کورٹ نے حدود کا تنازعہ حل کیا ہے۔عمران خان سیاسی پارٹی کے قائد ہیں اور وہ لانگ مارچ کی سربراہی کر رہے ہیں۔ہماری درخواست آج کی حد تک ہے ویسے عمران خان ہر جگہ پیش ہوتے ہیں۔

پراسیکیوٹرراجہ رضوان عباسی نے کہا کہ یہ تو کوئی جواز نہ ہوا عمران خان لانگ مارچ کر رہے ہیں پیش نہیں ہو سکتے۔جج نے عمران خان کے وکیل کو مخاطب کرتے ہوئے پوچھا کیا آپ کچھ کہنا چاہتے ہیں؟۔

وکیل نے کہا کہ راجہ رضوان عباسی سپیشل پراسیکیوٹر تعینات ہیں۔۔سپریم کورٹ نے سپیشل پراسیکیوٹر کی تعیناتی کے حوالے سے فیصلے دے رکھے ہیں۔عدالت نے عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے عبوری ضمانت میں 10 نومبر تک توسیع کردی۔

Comments are closed.