حکومت اپنی مدت پوری کرے گی،پیپلزپارٹی کا سی ای سی اجلاس میں فیصلہ
موجود صورتحال پر کل لاہور میں اتحادی جماعتوں کا اجلاس ہوگا جس میں پیپلز پارٹی بھی شریک ہو گی، شرجیل میمن
کراچی : پیپلزپارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ موجودہ حکومت اپنی مدت پوری کرے گی۔
بلاول ہاوس کراچی میں سابق صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کی زیر صدارت پیپلزپارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اہم اجلاس ہوا ، اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراطلاعات سندھ شرجیل میمن نے کہا کہ پیپلز پارٹی موجودہ صورتحال میں اتحادی جماعتوں کے ساتھ کھڑی رہے گی۔ موجود صورتحال پر کل لاہور میں اتحادی جماعتوں کا اجلاس ہوگا جس میں پیپلز پارٹی بھی شریک ہو گی۔
صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل میمن نے مطالبہ کیا کہ عمران خان فوری طور پر الیکشن کمیشن ، مسٹر ایکس اور وائے اور اس قوم سے معافی مانگیں۔ اس الیکشن میں عمران خان جیت کر بھی ہار گئے ہیں۔ آج اس ملک میں جو مہنگائی ہے وہ عمران خان کی وجہ سے ہے،جنہوں نے آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ کیا تھا، اس معاہدے پر عمل اس حکومت کو کرنا پڑا۔ عمران خان نے آئی ایم ایف سے وعدے کرکے ملک میں مہنگائی کی۔
شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کو آئینی اور قانونی طور پر اکثریت حاصل ہے،عمران خان کے پاس اکثریت ہے تو اسمبلی میں آئیں اور شہبازشریف کو ہٹائیں۔عمران خان واحد شخص کو جس کو آئینی طریقے سے ایوان سے نکالاگیا، ان کا اقتدار صرف ایک دھوکہ تھا۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ چاہتی ہے اسٹیبلشمنٹ نیوٹرل رہے،پیپلز پارٹی اپنی اتحادی جماعتوں کے ساتھ کھڑی ہے اور آئیسولیشن میں کوئی بھی فیصلہ نہیں کرے گی۔
Comments are closed.