نیوٹرلز کو کہا تھا، سازش کے تحت حکومت کو گرایا گیا تو سنبھالا نہیں جائے گا، عمران خان

اسلام آباد: چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ اپنے حقوق کیلئے باہرنکلنا جہاد ہے، پرامن احتجاج ہمارا جمہوری حق ہے، جدوجہد ہماری بہتری کیلئے ہوتی ہے۔

پی ٹی آئی کے زیر اہتمام مہنگائی کے خلاف منعقدہ ملک گیر احتجاج سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ حکومت نے ہرچیزکی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کردیا ہے، ہمارے دور میں پیٹرول 12 روپے بڑھا تو انہوں نے لانگ مارچ کیے۔ موجودہ حکومت نے آتے ہی پیٹرول کی قیمت میں 84 روپے اضافہ کردیا، ڈیزل کی قیمت میں 120 روپے اضافہ کیا گیا، ڈیزل مہنگا ہونے سے کسانوں کو بہت نقصان ہورہا ہے، ہم نے پیٹرول کی قیمت 10 روپے بڑھانے کی بجائے کم کر کے ریلیف دیا تھا۔

عمران خان نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نےغریب عوام کو صحت کارڈ فراہم کیا، غریب عوام 10 لاکھ روپے میں اپنا مکمل علاج کراسکتا تھا، عوام کو احساس راشن کارڈ فراہم کیا، اب بجلی کا بل آئے گا تو سب کو لگ پتہ جائے گا کہ بم پھٹا ہے یا نہیں؟ کسان متاثر ہوگا تو فوڈ سیکیورٹی کا مسئلہ پیدا ہوگا۔کورونابحران کے دوران ہم نے معیشت کو تباہی سے بچایا، فیٹف ایشوپرہمارے دورمیں بہت کام کیا گیا، ہم نےآئی ایم ایف سے معاہدہ کیا لیکن قوم کا خیال رکھا، اس وقت پاکستان کی معیشت تیزی سے نیچے جا رہی ہے، امریکہ سے سازش ہوئی اوریہاں میرجعفراورمیرصادق ساتھ مل گئے، نیوٹرلزکو سازش سے متعلق سمجھایا تھا، میں نے کہا تھا کہ اگرسازش کے تحت حکومت کو گرا دیا گیا تو سنبھالا نہیں جائے گا، شوکت ترین کو کہا تھا کہ ان کوکہہ دیں اورسازش کوناکام بنا دیں۔عمران خان نے کہا کہ ہمیں پتہ تھا کہ ان کے پاس قابلیت نہیں ہے یہ صرف اپنے کیسزختم کرنےاقتدارمیں آئے، خرم دستگیر نے ٹی وی پروگرام میں کہا کہ اگرعمران خان رہ جاتا توانہوں نے ہمیں جیلوں میں ڈال دینا تھا، ہم نے اپنے دور میں اداروں کوآزادی سے کام کرنے دیا، خرم دستگیر کی بات سے ثابت ہو گیا کہ یہ صرف این آراوٹو لینے حکومت میں آئے، پہلے ان کومشرف نے این آراو دیا اب ان کواین آراو ٹو مل گیا۔ عمران خان نے کہا کہ جب ہم فیٹف پر قانون سازی کررہے تھے تو اس وقت انہوں نے نیب قانون میں ترمیم لانے کی کوشش کی، جب نیب قانون تبدیل ہو گا تو کل ان کے 1200 ارب کے کرپشن کیسزختم ہوجائیں گے۔ انہوں ںے استفسار کیا کہ اگرآپ کوقوم کی فکرہے تو آپ کو 2 ماہ ہوگئے ہیں، روس سے سستا تیل کیوں نہیں خریدا؟ یہ امریکہ کےغلام ہیں اس لیے روس سے سستا تیل نہیں خرید رہے ہیں، ڈالر208 پر پہنچ گیا، خدشہ ہے پاکستان میں سری لنکا جیسے حالات پیدا نہ ہو جائیں، نیب نے ہمارے دور میں 480 ارب روپے ریکورکیے۔

Comments are closed.