اسلام آباد کے سینٹارس مال میں ہولناک آتشزدگی، فوڈ کورٹ جل گیا

آگ کے شعلے اور دھویں کے بادل دور سے دکھائی دیئے،2 گھنٹے کی کوششوں کے بعد آگ پر قابو پا لیا گیا، کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، وزیراعظم شہبازشریف کا نوٹس،واقعے کی رپورٹ طلب

اسلام آباد کے مشہور شاپنگ مال سینٹورس میں آگ لگ گئی۔ آگ چوتھے فلور پر فوڈ کورٹ میں لگی۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق سلنڈر پھٹنے سے آگ لگی جو تیزی سے پھیلتی ہوئی رہائشی اپارٹمنٹس تک پہنچ گئی۔2 گھنٹے کی کوششوں کے بعد آگ پر قابو پالیا گیا ہے۔چیف کمشنر اسلام آباد کیپٹن ریٹائرڈ عثمان نے بتایا کہ سینٹورس مال میں لگی آگ کو دو گھنٹے کے آپریشن کے بعد کنٹرول کیا گیا ہے۔ فائر بریگیڈ، نیوی، ایئر فورس اور ریسکیو 1122 نے امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیا۔

سینٹورس مال میں آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، فائر بریگیڈ اور امدادی اداروں کے رضاکاروں کی بڑی تعداد جائے وقوع پر پہنچ گئی تھی۔ڈی سی اسلام آباد کے حوالے سے بتایا تھا کہ سینٹورس شاپنگ مال میں آگ لگنے کے فوری بعد موجود تمام افراد کا بحفاظت نکال لیا گیا تھا اور آگ پر قابو پانے کے لیے راولپنڈی سے بھی فائر بریگیڈ کی گاڑیاں منگوالی گئی تھیں۔

وزیراعظم شہبازشریف اور وزیرداخلہ رانا ثنا اللہ نے سینٹورس مال میں لگنے والی آتشزدگی کا نوٹس لیتے ہوئے تمام متعلقہ اداروں اور حکام کو ہدایت کی تھی کہ آگ پر قابو پانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات فوری طور پر کریں۔پاک بحریہ اور پاکستان ایئرفورس کی ٹیمیں بھی اسلام آباد کے سینٹورس شاپنگ مال میں لگی آگ بجھانے میں معاونت کے لیے پہنچ گئی تھیں۔

آگ کے دھویں کو شہر میں دور دور تک دیکھا جا سکتا ہے جب کہ انتظامیہ اور پولیس نے سینٹورس کو مکمل طور پر سیل کردیا ہے

ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق سینٹورس مال کو مکمل طور پر سیل کردیا گیا ہے۔جب تک تحقیقات مکمل نہیں ہونگی، سینٹورس مال بند رہے گا اور کسی کو بھی شاپنگ مال میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہو گی۔

سینٹورس اسلام آباد شہر کا معروف اور مصروف ترین شاپنگ مال ہے جس کی اوپری منزل پر رہائشی فلیٹس ہیں۔ عام دنوں میں بھی لوگوں کی بہت بڑی تعداد وہاں خریداری کے لیے موجود ہوتی ہے۔

Comments are closed.