ترقیاتی منصوبوں کےلئے 11 کھرب 50 ارب کی بڑی رقم مختص

اسلام آباد : ترقیاتی منصوبوں کیلئے 11 کھرب 50 ارب روپے کی بڑی رقم مختص کر لی گئی، صوبوں کے ترقیاتی پروگرام کا حجم 1,559 ارب روپے ہے۔ قومی سطح پر ترقیاتی پروگرام کا حجم 2,709 ارب روپے ہوگا، وفاقی وزیر نے بتایا اگلے مالی سال کے لیے ترقی کا ہدف صرف 3.5 فیصد رکھا ہے۔

مشکلات کے باوجود پی ڈی ایم حکومت نے بڑے ترقیاتی اہداف رکھ دیئے گئے۔ قومی اسمبلی کے بجٹ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ پانی کی ضرورت کے پیش نظر مہمند ڈیم کی تکمیل کیلئے 10 ارب 50 کروڑ روپے، داسو ہائڈرو پاور پراجیکٹ کیلئے 59 ارب روپے، دیامیر بھاشا ڈیم کیلئے 20 ارب روپے، نیلم جہلم ہائڈرو پاور پراجیکٹ کیلئے 4 ارب 80 کروڑ روپے اور تربیلا ہائڈرو پاور پراجیکٹ کیلئے چار ارب 45 کروڑ روپے مختص کئے ہیں۔

وزیر خزانہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ پیداواری شعبوں کیلئے 50 ارب رکھنے کی تجویز ہے، وفاقی حکومت کے کل اخراجات کا تخمینہ 144 کھرب 60 ارب روپے ہے جس میں سے سود کی ادائیگیوں پر 73 کھرب 3 ارب روپے خرچ ہوں گے۔اگلے سال پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام کے لیے 9 کھرب 50 ارب روپے کا بجٹ مختص کیا ہے،اس کے علاوہ پبلک پرائیوٹ پارٹنر شپ کے ذریعے 2 کھرب روپے کی اضافی رقم کے بعد مجموعی ترقیاتی بجٹ 11 کھرب 50 ارب روپے تک تاریخی بلند ترین سطح تک پہنچا ہے، کراچی ،کےفور، کی گریٹر واٹر سپلائی اسکیم کےلئے 17 ارب 50 کروڑ روپے بجٹ میں مختص کئے ہیں۔

اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ انفرااسٹرکچر کے شعبے میں ٹرانسپورٹ اور کمیونیکیشن کیلئے مجوزہ مختص رقم 267 ارب روپے، واٹر سیکٹر کیلئے مختص رقم 100 ارب روپے، توانائی کے شعبے کیلئے مجوزہ مختص رقم 89 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔80فیصد زیر تکمیل منصوبوں کو مکمل کرنے پر توجہ دی جائے گی تاکہ جون 2024 تک ان کی تکمیل کی جاسکے، حکومت ترقیاتی اہداف حاصل کرنے کی ہر ممکن کوشش کرے گی۔

Comments are closed.