عمران خان اور بشریٰ بی بی کا نکاح غیر قانونی اور غیر شرعی قرار دے دیا گیا۔دورانِ عدت نکاح کیس میں عدالت نے دونوں کو 7 ،7 قید اور 5،5 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنا ئی ۔ جرمانہ ادا نہ کرنے کی صورت میں ملزمان کو 4 ماہ اضافی قید کا ٹنی ہوگی۔
سینئر سول جج قدرت اللہ نے پچاس صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ سنایا۔ دونوں ملزمان کو تعزیرات پاکستان کی دفعہ 496 کے تحت قید کی سزا سنائی گئی۔ عدالت نے دونوں ملزمان کو کھلی عدالت میں سزاسنائی ۔ اس موقع پر عمران خان اوربشریٰ بی بی بھی عدالت میں موجود تھیں۔ فیصلے کی کاپیاں ملزمان کو فراہم کر دی گئی ہیں۔
گزشتہ روز عدالت کے حکم پر بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے وکلا نے 342 کا بیان جمع کرایا۔ بیانات کے بعد شکایت کنندہ کے وکیل راجا رضوان عباسی نے حتمی دلائل دئیے۔
عدالت نے ملزمان کے وکیل سلمان اکرم راجا کی شہادت صفائی میں گواہ پیش کرنے کی درخواست مسترد کردی۔ سینئر سول جج قدرت اللہ نے اڈیالہ جیل میں غیر شرعی نکاح کیس کی 14 گھنٹے طویل سماعت کے بعد دلائل مکمل ہونے پر جمعے کو فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
Comments are closed.