میاں صاحب کو ہتھکڑیاں لگیں تو اس کے بھی خلاف تھا، اپنے لیڈر عمران خان کے ساتھ کھڑا ہوں، علی محمد خان

مردان : تحریک انصاف کے رہنما علی محمد خان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا ہے۔

علی محمد خان کے وکیل ندیم شاہ ایڈوکیٹ کے مطابق عدالت نے محکمہ اینٹی کرپشن کی ایف آئی آر پر علی محمد خان کو جوڈیشل کر دیا ہے اورانہیں جیل بھیج دیا گیا ہے۔ اب پیر کے روز علی محمد کی ضمانت دائر کریں گے۔

اس موقع پر علی محمد کی جانب سے ایک وڈیو پیغام بھی سامنے آیا ہے جس میں علی محمد خان کا کہنا ہے کہ ہر سیاسی لیڈر کے ساتھ جو ہوتا رہا ہے میں اس کے ساتھ کھڑا ہوتا ہوں، آج تو میرے ہاتھ میں ہتھکڑیاں ہیں لیکن جب میاں صاحب کو ہتھکڑیاں پہنائی گئیں تو میں اس کے بھی خلاف تھا اور میرا اس پر بیان ہے۔

تحریک انصاف کے رہنما علی محمد خان نے کہا ہمارا ان سے کتنا بھی سیاسی اختلاف ہو، وہ سابق وزیر اعظم تھے ان کو ہتھکڑی نہیں ڈالنی چاہیے تھی۔ یہ ہتھکڑی ایک وزیر اعظم کو نہیں بلکہ 22 کروڑ عوام کو ڈالی جاتی ہے۔ جب عمران خان کو کالر سے پکڑ کر اٹھایا گیا تھا وہ ان کی نہیں 22 کروڑعوام کی بے عزتی تھی۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق رکن قومی اسمبلی علی محمد خان کو جمعے کے روز اینٹی کرپشن پولیس نے گرفتار کیا تھا۔علی محمد کے وکیل ندیم شاہ ایڈووکیٹ نے بی بی سی کو بتایا تھا کہ کہ محکمہ اینٹی کرپشن نے 10 مئی کو علی محمد خان کے خلاف ایک ایف آئی آر درج کی تھی، جس مقدمے میں ان کی آج گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے۔

Comments are closed.