آصف زرداری نااہلی کیس اسلام آباد ہائیکورٹ میں سماعت کیلئے منظور

اسلام آباد: آصف زرداری کی نااہلی کیلئے تحریک انصاف کی درخواستوں پر اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے اعتراضات ختم کر کے باقاعدہ سماعت کیلئے مقرر کرنے کا حکم دیدیا۔

چیف جسٹس اطہرمن اللہ نےریمارکس دیئے یہ وقت ہے کہ پارلیمنٹ کو مضبوط کیا جائے،  سیاسی معاملات کو سیاسی فورم پر حل کیا جانا چاہیئے، جو لوگ جیل میں ہیں ہم نے ان کو ترجیحی بنیاد پر سننا ہے۔

چیف جسٹس اطہر من اللہ نے سماعت کےآغاز پرکہا سیاسی درخواست عدالت میں لے کر کیوں آتےہیں، اس درخواست کا متعلقہ فورم الیکشن کمیشن ہے، پارلیمنٹ کو اس معاملے پر کمیٹی بنا دینی چاہئے۔ درخواست گزار کے وکیل سکندر بشیر مہمند نے دلائل میں کہا دستاویزات موجود ہیں کہ آصف زرداری نے اثاثے چھپائے ہیں، سندھ ہائیکورٹ کا فیصلہ موجودہے کہ آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت نااہلی کیلئے الیکشن کمیشن متعلقہ فورم نہیں ۔ عدالت نے درخواست پر اعتراضات ختم کرتے ہوئے سماعت کیلئے مقرر کرنے کا حکم دیا ۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار نے فیصلے پر عدالت کا شکریہ ادا کیا۔

دوسرے درخوستگزار خرم شیرزمان نے ایک بیان میں کہا آج ایک نئی تاریخ رقم ہونے کا آغاز ہو رہا ہے ، آصف زرداری نے اثاثے ظاہر نہ کرکے قوم کودھوکا دیا ، عدالت سے انصاف کی پوری امید ہے ، سیاست سے جھوٹ ، فریب اوردھوکا دہی کاخاتمہ کریں گے ۔

Comments are closed.