توہین الیکشن کمیشن کیس میں عمران خان اور فواد چودھری ذاتی حیثیت طلب

اسلام آباد : الیکشن کمیشن نے توہین الیکشن کمیشن کیس میں عمران خان اور فواد چودھری کو 5 جون کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کی ہدایت کر دی۔ کمیشن نے واضح کای کہ عمران خان اور فواد چوہدری کی عدم پیشی پر وارنٹ جاری کیے جائیں گے۔
الیکشن کمیشن میں عمران خان کیخلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت ہوئی ۔ عمران خان کے وکیل فیصل چودھری نے حاضری سے استثنی کی درخواست دائر کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نیب اور احتساب عدالتوں میں ضمانتوں کیلئے پیش ہو رہے ہیں، الیکشن کمیشن کے ممبر خیبر پختونخوا نے کمیشن کو بتایا کہ عمران خان اپنی مرضی سے آج پیش ہو رہے ہیں، عمران خان کل عدالت میں پیش ہو کر آج یہاں آ جاتے۔
عمران خان کے وکیل فیصل چودھری نے کہا کہ آپ بھی پہلے جج رہے ہیں عدالتوں کو ہمیشہ ترجیح دی جاتی ہے، آج اعتراضات پر سماعت ہوسکتی تھی لیکن انور منصور سپریم کورٹ میں ہیں، گزشتہ سماعت کا حکم نامہ ہمیں آج تک نہیں ملا، حکم نامہ پڑھے بغیر کیس کی تیاری کیسے کر سکتے ہیں؟ الیکشن کمیشن کے ممبر خیبر پختونخوا نے کہا کہ آج عمران خان کو ذاتی حیثیت میں طلب کیا تھا عدم پیشی پر آپکو پتا ہے کیا ہوگا جس پر عمران خان کے وکیل نے کہا کہ عمران خان دو ٹکڑوں میں بیک وقت عدالت اور کمیشن میں پیش نہیں ہوسکتے،عمران خان کیخلاف 150 مقدمات ہیں کہاں کہاں پیش ہوسکتے ہیں، ہمارے ہاتھ بندھے ہوئے ہیں، الیکشن کمیشن سمجھتا ہے کہ جان بوجھ کر عمران خان پیش نہیں ہوتے، یہ بات ذہن سے نکال دیں مگر چیزیں ہمارے ہاتھ میں نہیں ہیں۔
الیکشن کمیشن کے ممبر بلوچستان نے کہا کہ عمران خان پر مقدمات قائم ہونے سے پہلے بھی وہ پیش نہیں ہوتے تھے، میرا یہی فیصلہ ہے کہ عمران خان کے وارنٹ جاری کیے جائیں، ہمیں یقین ہے کہ عمران خان جان بوجھ کر پیش نہیں ہو رہے، وقت بھی بتا دیں کیونکہ اب عدالتیں بھی عمران خان کی مرضی سے لگتی ہیں، جس پر عمران خان نے وکیل نے کہا کہ انور منصور ہر تاریخ پر پیش ہوتے ہیں آج سپریم کورٹ نے بلایا ہوا ہے، الیکشن کمیشن کے وکیل خود بھی عدالتوں میں تاریخیں لے رہے ہیں،پانچ جون کو سماعت رکھ لیں تو اعتراضات پر دلائل دینگے۔ الیکشن کمیشن نے ہدایت کی کہ آئندہ سماعت پر عمران خان ذاتی حیثیت میں حاضری یقینی بنائیں ۔کمیشن نے واضح کای کہ عمران خان اور فواد چوہدری کی عدم پیشی پر وارنٹ جاری کیے جائیں گے،سماعت 5 جون تک ملتوی کر دی گئی

Comments are closed.