عمران خان کی ایک ہی دن 2 مقدمات میں ضمانتیں منظور
انسداددہشتگردی عدالت نے جج کو دھمکی کے کیس میں یکم ستمبر،دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر سیشن عدالت نے 7 ستمبر تک ضمانت منظورکی،شہباز گل پر تشدد کی وجہ سے کہا کہ ایکشن لوں گا،انہوں نے مجھ پردہشتگردی کا مقدمہ بنا دیا،ایسا لگ رہا ہے جیسے پاکستان بنانا رپبلک ہے۔یہاں کوئی قانون نہیں،ملک کا مذاق بنا دیا، سابق وزیراعظم عمران خان کی میڈیا سے گفتگو
اسلام آباد : سابق وزیراعظم عمران خان کو ایک ہی دن 2 مقدمات میں ضمانت مل گئی۔انسداد دہشتگردی کی عدالت نے خاتون جج کو دھمکی کے کیس میں ایک لاکھ کے مچلکوں کے عوض یکم ستمبرتک اورسیشن عدالت نے دفعہ 144 کی خلاف ورزی کے مقدمے میں 5 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض عبوری ضمانت منظور کرلی۔تحریک انصاف کے چیئرمین کا کہنا ہے کہ یہ اپنی ذات کو بچانے کیلئے ملک کا مذاق بنا رہے ہیں۔
خاتون جج اورپولیس افسران کے بارے میں دھمکی آمیز پر دہشتگردی کے مقدمے میں وزیراعظم عمران خان پارٹی رہنمائوں کے ہمراہ انسداد دہشتگردی کی عدالت کے جج راجہ جواد عباس کے روبرو پیش ہوئے۔ دوران سماعت عمران خان کے وکیل بابر اعوان نے دلائل میں عدالت کو بتایا کہ پراسیکیوشن کے مطابق 3 لوگوں کو دھمکیاں دی گئیں۔آئی جی۔ایڈیشنل آئی جی اور خاتون جج کا نام لکھا گیا۔ان تینوں میں سے کوئی بھی مدعی نہیں بنا اور پولیس نے دہشت گردی کا مقدمہ درج کرلیا۔
انسداد دہشت گردی کی عدالت نے دلائل سننے کے بعد عمران خان کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست منظور کرتے ہوئے ایک لاکھ کے ضمانتی مچلکے جمع کروانے اور یکم ستمبر کو دوبارہ پیش ہونے کا حکم دے دیا۔بابر اعوان نے استدعا کی کہ عمران خان 9 حلقوں میں ضمنی الیکشن لڑ رہے ہیں۔لہذا زیادہ مدت کے لیے عبوری ضمات دی جائے۔جسے جج نے مسترد کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ ابھی یکم ستمبر تک ہی عبوری ضمانت دے رہے ہیں۔
عدالت پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو میں عمران خان کا کہنا تھا کہ شہباز گل پر تشدد کی وجہ سے کہا کہ ایکشن لوں گا۔انہوں نے مجھ پردہشتگردی کا مقدمہ بنا دیا۔ایسا لگ رہا ہے جیسے پاکستان بنانا رپبلک ہے۔یہاں کوئی قانون نہیں۔
عمران خان کی انسداد دہشتگردی عدالت پیشی کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔کارکنوں کی بڑی تعداد عدالت کے باہرپہنچی۔عمران خان کی گاڑی کو جوڈیشل کمپلیکس کے دروازے پرروک لیا گیا۔اندر داخل ہوتے ہوئے دھکم پیل بھی ہوئی جس سے واک تھروگیٹ گر گیا۔۔اس دوران بارش بھی ہوتی رہی۔
دوسری جانب عمران خان دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر تھانہ آبپارہ میں درج مقدمے میں ضمانت کےلیے سیشن عدالت پہنچے۔ایڈیشنل سیشن جج طاہرعباس سپرا نے سماعت کی۔وکلا کے دلائل کے بعد عدالت نے عمران خان کی عبوری ضمانت 5 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض 7 ستمبر تک منظور کرلی۔سیشن عدالت نے اسد عمر اور شہریارآفریدی کی بھی 7 ستمبر تک عبوری ضمانت منظور کرلی۔
Comments are closed.