قوم کی حقیقی آزادی کیلئے لانگ مارچ کی جانب بڑھ رہے ہیں،عمران خان

قوم کی حقیقی آزادی کیلئے لانگ مارچ کی جانب بڑھ رہے ہیں، ملک میں فوری طور پر صاف شفاف انتخابات کا انعقاد مزید پیچیدگیوں سے بچاؤ، بحرانوں سے نجات کا واحد رستہ ہے، عمرانخان

اسلام آباد : سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ قوم کی حقیقی آزادی کیلئے لانگ مارچ کی جانب بڑھ رہے ہیں، ملک میں فوری طور پر صاف شفاف انتخابات کا انعقاد مزید پیچیدگیوں سے بچاؤ، بحرانوں سے نجات کا واحد رستہ ہے۔

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان سے پاکستان تحریک انصاف شمالی پنجاب کے سوشل میڈیا ذمہ داران کی ملاقات ہوئی جس میں ملکی سیاسی صورتحال، اہم قومی معاملات پر تحریک انصاف کے بیانیے کے خدوخال سمیت اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں لانگ مارچ کی تیاریوں اور عوامی جوش و خروش پر گفتگو ہوئی جبکہ فسطائی امپورٹڈ سرکار کی جانب سے سماجی میڈیا کارکنان کو ہراساں کئے جانے اور نشانہ انتقام بنائے جانے پر بھی بات چیت کی گئی۔

عمران خان نے سوشل میڈیا ذمہ داران سے گفتگو میں کہا کہ سیاست کے لبادے میں مجرموں کے اقتدار پر قابض گروہ آئین و جمہوریت پر حملہ آور ہے۔ استحکام اور ترقی کیجانب پیش قدمی کرتے پاکستان کو بیرونی سازش سے سیاسی و معاشی بحران کی دلدل میں دھکیلا گیا،قوم نے سازش کے ذریعے عوامی مینڈیٹ کی توہین پر شدید ردعمل دیا ہے۔بیرونی سازش کامیاب ہوئی تو عوام کسی تحریک کے بغیر بےمثال انداز سے سڑکوں پر نکلی۔

عمران خان نے کہا کہ امپورٹڈ سرکار نے عوام کو دبانے کیلئے بدترین فسطائیت کا سہارا لیا،میڈیا میں موجود آزاد اور غیرجانبدار آوازوں کو دبا کر ملک میں جبر کا سکوت طاری کرنے کی کوشش کی گئی، سماجی میڈیا نے خوف کے پردوں کو چاک، عوام کی آواز کو پہلے سے بڑھ کر گونج دی، سماجی میڈیا نے ابلاغ کو فسطائیت کے شکنجے سے آزاد کروا کر عوام کے سیاسی شعور میں اضافے اور پختگی کی راہ ہموار کی۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ آئین و قانون پامال کرکے اظہار کی آزادی کو سلب کرنا اب سیاسی طالع آزماؤں کیلئے ممکن نہیں رہا، ہمیشہ کیطرح لانگ مارچ میں بھی ہمارا سوشل میڈیا کلیدی کردار ادا کرے گا، لازم ہے کہ کارکنان حقیقی آزادی کا پیغام ہر فرد تک پہنچائیں، روایتی سیاسی اہداف کے حصول کیلئے نہیں، قوم کی حقیقی آزادی کیلئے لانگ مارچ کی جانب بڑھ رہے ہیں، ملک میں فوری طور پر صاف شفاف انتخابات کا انعقاد مزید پیچیدگیوں سے بچاؤ، بحرانوں سے نجات کا واحد رستہ ہے۔

Comments are closed.