عمران خان نے اداروں کو تقسیم کرنے کی بدترین سازش کی، وزیراعظم شہباز شریف

ورلڈ کپ جیتنے کے بعد عمران خان کو اللہ نے عزت دی اور عمران خان نے شوکت خانم اسپتال تعمیر کروایا،کس کو پتہ تھا یہ ایسے انسان نکلیں گے،عمران خان سازشی ذہن کے مالک ہیں،انہوں نے قوم کو تقسیم کیا اور لوگوں کو گمراہ اور پاکستانیوں کو بدنام کیا، شہباز شریف کا بہارہ کہو بائی پاس کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب

اسلام آباد : وزیر اعظم شہباز شریف نے وفاقی دارالحکومت میں بہارہ کہو بائی پاس کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔

وزیر اعظم شہباز شریف کو حکام کی جانب سے بہارہ کہو بائی پاس منصوبے سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ منصوبے میں ایک ہزار 350 میٹر طویل اوورہیڈ برج بنایا جائے گا اور منصوبے سے بارہ کہو میں ٹریفک کا رش ختم ہو گا۔شہباز شریف کو بتایا گیا کہ 5 اعشاریہ 4 کلومیٹر طویل منصوبے کو 4 ماہ کی ریکارڈ مدت میں مکمل کرنے کا ہدف ہے۔

سنگ بنیاد کے بعد وزیر اعظم شہباز شریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بارہ کہو بائی پاس منصوبے سے شہریوں کوسہولت ملے گی یہ عوامی منصوبہ ہے۔بارہ کہو بائی پاس منصوبے کو 4 ماہ میں مکمل کرنے کا معاہدہ ہوا ہے۔بہارہ کہو بائی پاس منصوبے پر متعلقہ حکام سے گزارش ہے 3 ماہ میں مکمل کریں اور اس منصوبے پر اخراجات میں کفایت شعاری پر حکام کے مشکور ہوں گے۔ منصوبے پر ساڑھے 6 ارب روپے خرچ ہوں گے۔

شہباز شریف نے کہا کہ بارہ کہو بائی پاس مکمل ہو گا تو مریض، شہری اور مسافروں کے لیے فائدہ مند ہو گا اور نواز شریف دور میں جو منصوبے شروع ہوئے تھے کسی کو مکمل کرنے کا خیال ہی نہیں آیا۔ ابھی ہمارا عزم ہے کہ ہم عوام کے لیے سفری سہولیات سے متعلق ہر ممکن اقدام کریں گے جبکہ گزشتہ حکومت کو عوام کی تکالیف سے کوئی سروکار نہیں تھا۔

شہبازشریف نے کہا کہ عوامی منصوبے تب مکمل ہوتے ہیں جب دل میں درد اور احساس ہو گا جبکہ بدقسمتی سے گزشتہ حکومت نے عوامی منصوبوں پر کام کرنے کے بجائے غلط بیانی کی۔ عمران نیازی دن رات غلط بیانی سے کام لیتے ہیں اور میں نے 40 سال بڑے بھائی کی قیادت میں حالات میں اتار چڑھاؤ دیکھا اور ہم نے 40 سال میں آمریت کا دور دیکھا۔

شہباز شریف نے کہا کہ ورلڈ کپ جیتنے کے بعد عمران خان کو اللہ نے عزت دی اور عمران خان نے شوکت خانم اسپتال تعمیر کروایا، کس کو پتہ تھا یہ ایسے انسان نکلیں گے۔ عمران خان سازشی ذہن کے مالک ہیں انہوں نے قوم کو تقسیم کیا اور لوگوں کو گمراہ اور پاکستانیوں کو بدنام کیا۔

وزیراعظم شہبازشیف نے کہا کہ میں نے اپنی زندگی میں غلط بیانی کرنے والےعمران خان جیسے شخص کو کبھی نہیں دیکھا اور گزشتہ روز آڈیو لیکس سے عمران خان کا ارادہ ظاہر ہوا۔ ہماری اتحادی حکومت آئی تو عمران خان نے سب کو غدار کہہ دیا۔ دنیا نے دیکھ لیا ایک منتخب وزیر اعظم کس انداز میں کیا بات کرتے ہیں۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان نے قوم کے وقار کو داؤ پر لگایا اور زور لگایا کہ ہماری حکومت امپورٹڈ ہے جبکہ عمران خان نے اداروں کو تقسیم کرنے کی ایک بدترین سازش کی۔ بدقسمتی سے عمران خان نے ہمارے خلاف زہریلا پراپیگنڈا کیا۔ گھناؤنی سازش اور اپوزیشن کو بدنام کرنے پر مجھے تکلیف ہوتی ہے۔

Comments are closed.