قوم کو حقیقی آزادی دلانے تک سڑکوں پر رہوں گا، عمران خان
ملک پر کرپٹ ٹولہ مسلط ہے،جس معاشرے میں امیر اورغریب کیلئے الگ قانون ہو وہ ترقی نہیں کرسکتا، لیاقت باغ میں جلسے سے خطاب
راولپنڈی : سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ میرا ایک ہی مقصد ہے کہ قوم حقیقی طور پر آزاد ہوجائے۔قوم کو حقیقی آزادی دلانے تک سڑکوں پر رہوں گا۔
لیاقت باغ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ ملک پر کرپٹ ٹولہ مسلط ہے۔جس معاشرے میں امیر اورغریب کیلئے الگ قانون ہو وہ ترقی نہیں کرسکتا۔
عمران خان نے کہا کہ نوازشریف کو اس لیے نکالا گیا کیونکہ وہ کرپشن میں ملوث تھا۔کیا میں نے ملک کا پیسہ چوری کیا یا فیکٹریاں بنائیں کہ عہدے سے ہٹایا گیا؟۔ نوازشریف اقتدار میں آیا تو 17 فیکٹریاں بنا چکا تھا۔
عمران خان نے کہا کہ میں پاکستان کی آزاد خارجہ پالیسی بنانے جارہا تھا، نہیں چاہتا تھا کہ امریکہ کی جنگ میں ہمارے لوگ قربانی دیں، روس سے 30 سے 40 فیصد کم قیمت پر پیٹرول اور ڈیزل ملنے والا تھا۔طاقتور لوگ اپنی انا کیلئے ملک کا مستقبل تباہ کر رہے ہیں ۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ فخر اس بات پر ہے کہ 15 مارچ کواسلامو فوبیا سے نمٹنے کا عالمی دن قرار دیا گیا۔
Comments are closed.