جج دھمکی کیس میں عمران خان کے قابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری برقرار

اسلام آباد کی مقامی عدالت نے خاتون جج دھمکی کیس میں عمران خان کے قابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری برقرار رکھتے ہوئے 8 جون کو پیش ہونے کا حکم دے دیا ہے۔عدالت کا کہنا تھا کہ عمران خان کی رہائشگاہ پر وارنٹ کی تعمیل قانونی طریقہ کار سے نہیں ہوسکی،عدالت کی جانب سے عمران خان کے قابلِ ضمانت وارنٹ کی قانونی طریقہ کار سے تعمیل کروانے کا حکم بھی دیا گیا۔

جوڈیشل مجسٹریٹ ملک امان نے خاتون جج کو دھمکی دینے کے کیس کی سماعت کی۔ عمران خان کے وکلاء علی بخاری اور گوہرعلی عدالت میں پیش ہوئے۔عمران خان کے وکیل کی جانب سے حاضری سے استثنا کی درخواست دائر کردی گئی۔ وکیل گوہرعلی خان نے عدالت کو بتایا کہ کچہری میں سیکیورٹی کے شدہد خطرات ہیں، چند دن قبل کچہری میں فائرنگ کا واقعہ بھی پیش آیا، عمران خان دیگر عدالتوں میں گزشتہ دنوں پیش ہوئے ہیں۔ وکیل گوہرعلی خان نے کہا کہ عمران خان تقریبآ تمام ہی عدالتوں میں پیش ہورہے ہیں،وکیل گوہرعلی خان نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں،عمران خان کی پیشی پر سیکیورٹی کے انتظامات اطمینان بخش ہوں،عمران خان کو جان کے شدید خطرات لاحق ہیں۔

وکیل علی بخاری نے کہا کہ 8 جون کو عمران خان کے کیسز اسلام آباد ہائیکورٹ اور اےٹی سی میں مقرر ہیں کچہری کی نئی عمارت جائیں گے تو سیکیورٹی کے پیش نظر ماحول بہتر ہے ہم چاہتے ہیں کہ تمام عدالتیں ایک ہی دن میں عمران خان کی پیشیاں مقرر کردیں،وکیل علی بخاری نے اپنے دلائل مکمل کرلیے۔

عمران خان کے وکلاء کی جانب سے سماعت 8 جون تک ملتوی کرنے کی استدعا کی گئی۔خاتون جج دھمکی کیس میں آج عمران خان کی حاضری سے استثنا کہ درخواست بھی  منظور کی گئی۔ عدالت نے کیس کی سماعت 8 جون تک ملتوی کردی۔

Comments are closed.