عمران خان کی عبوری ضمانت میں 31مئی تک توسیع

اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان کی عبوری ضمانت میں 31مئی تک توسیع کر دی ہے۔ عدالت نے عمران خان کی آج کی استثنی کی متفرق درخواست منظور کرتے ہوئے 31 مئی کو ہر صورت پیش ہونے کا حکم دے دیا۔دوران سماعت جسٹس میاں گل حسن نے ریمارکس دیئے کہ میرے پاس کیسز 31 مئی کے ہیں 31 مئی تک توسیع کرتے ہیں ،ایک انسان کے لیے اتنے مقدمات میں پیش ہونا ممکن نہیں۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب  نے عمران خان کی عبوری ضمانت کیس میں درخواست پر سماعت کی۔ عمران خان کی طرف سے آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی۔ اسٹیٹ کونسل نے عدالت کو بتایا کہ عمران خان تاحال شامل تفتیش نہیں ہوئے۔ جس پر جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہا کہ کیا تفتیشی افسر لاہور جا سکتے ہیں ،کوئی ایسا مکنزم سوچیں جہان سے ان سے سوالات پوچھ کر شامل تفتیش کیا جائے ،اسلام آباد میں کتنے کیسز ہیں۔

عمران خان کے وکیل بیرسٹر علی گوہر نے کہا کہ پورے ملک میں سو سے زائد کیسز ہیں ، لاہور ہائیکورٹ نے کہا تھا تمام تفتیشی افسر زمام پارک جا کر تفتیش کریں ،تفتیشی افسر وہاں گئے اور شامل تفتیش بھی کیا گیا ،آٹھ جون کردیں چیف جسٹس کی عدالت میں کیس 8 جون کو ہیں۔ جس پر جسٹس میاں گل حسن نے ریمارکس دیئے کہ میرے پاس کیسز 31 مئی کے ہیں 31 مئی تک توسیع کرتے ہیں ،ایک انسان کے لیے اتنے مقدمات میں پیش ہونا ممکن نہیں۔

عدالت نے عمران خان کی آج کی استثنی کی متفرق درخواست منظور کرتے ہوئے 31 مئی کو ہر صورت پیش ہونے کا حکم دے دیا ۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ اگر 31 مئی کو پیش نہ ہوئے تو اس روز استثنیٰ کی درخواست منظور نہیں ہوگی۔ آئندہ سماعت پر تمام کیسوں کا فیصلہ کرینگے۔ عدالت نے سماعت 31 مئی تک کے لئے ملتوی کر دی۔

Comments are closed.