پاکستان میں اظہارِ رائے پر بڑھتی پابندیاں ؛آئی ایف جے کا اظہارِ تشویش، اقوام متحدہ سے مداخلت کی اپیل زیر غور

بین الاقوامی فیڈریشن آف جرنلسٹس (آئی ایف جے) نے پاکستان میں آزادیِ صحافت پر بڑھتی ہوئی قدغنوں، صحافیوں کے معاشی استحصال، ٹارگٹ کلنگ اور سنسرشپ پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ پیرس میں پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) کے وفد سے ملاقات میں آئی ایف جے کی قیادت نے واضح کیا کہ اگر پاکستانی حکومت نے فوری اقدامات نہ کیے تو معاملہ اقوامِ متحدہ کے سامنے اٹھایا جائے گا۔

پی ایف یو جے وفد کی پیرس میں اہم ملاقاتیں
پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (PFUJ) کے وفد نے پیرس میں ایس این جے ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا جہاں انہوں نے انٹرنیشنل فیڈریشن آف جرنلسٹس (IFJ) کی صدر ڈومینیک پارڈلے اور سیکرٹری جنرل انتھونی بلاگر سے اہم ملاقاتیں کیں۔ وفد نے پاکستان میں اظہارِ رائے پر پابندیوں، میڈیا قوانین میں متنازع ترامیم اور صحافیوں کے خلاف بڑھتی کارروائیوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔

پاکستان میں آزادیِ اظہار کی صورتحال پر تشویش
آئی ایف جے کی صدر ڈومینیک پارڈلے نے پاکستان میں پیکا ایکٹ کے تحت مقدمات، میڈیا پر غیر اعلانیہ سنسرشپ اور صحافیوں کی ٹارگٹ کلنگ پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ “ورکنگ جرنلسٹس کو اسٹیٹ ایکٹرز اور نان اسٹیٹ ایکٹرز دونوں کی جانب سے ہراساں کیا جا رہا ہے، جو قابلِ مذمت ہے۔”

معاشی دباؤ اور جبری برطرفیوں پر احتجاج
آئی ایف جے کے سیکرٹری جنرل انتھونی بلاگر نے کہا کہ میڈیا مالکان کی جانب سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی، جبری برطرفیاں اور ادارتی دباؤ صحافیوں کے معاشی قتل کے مترادف ہیں۔ انہوں نے وزیراعظم پاکستان سے مطالبہ کیا کہ “حکومت فوری قانون سازی کرے تاکہ ورکنگ جرنلسٹس کے حقوق محفوظ رہیں۔”

پاکستانی قیادت سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ
آئی ایف جے نے صدرِ پاکستان، وزیراعظم اور چیف جسٹس آف پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وہ میڈیا کی آزادی اور صحافیوں کے تحفظ کے حوالے سے سنگین صورتحال کا فوری نوٹس لیں۔ ڈومینیک پارڈلے نے کہا کہ “اگر حکومت پاکستان اس حوالے سے مؤثر قدم نہ اٹھا سکی تو ہم اقوامِ متحدہ سے مداخلت کی اپیل کرنے پر مجبور ہوں گے۔”

صحافیوں کو ملنے والی دھمکیاں اور بین الاقوامی ردِعمل
آئی ایف جے نے صدر پی ایف یو جے رانا محمد عظیم کو طالبان کی جانب سے ملنے والی قتل کی دھمکیوں کی بھرپور مذمت کی۔ صدر ڈومینیک پارڈلے اور سیکرٹری جنرل انتھونی بلاگر نے حکومتِ پاکستان سے مطالبہ کیا کہ “دھمکیوں میں ملوث دہشت گردوں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے اور صحافیوں کو تحفظ فراہم کیا جائے۔”

پاکستانی وفد کی قیادت
پی ایف یو جے کے وفد کی قیادت سیکرٹری جنرل شکیل احمد اور آر آئی یو جے کے صدر طارق عثمانی کر رہے تھے۔ وفد نے ملاقات کے دوران پاکستان میں آزادیِ اظہار کی بحالی اور صحافیوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے عالمی تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔

Comments are closed.