اسلام آباد : بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی نے پیر کو یوم آزادی کی تقریبات کے سلسلے میں یونیورسٹی کے نیو کیمپس میں پرچم کشائی کی تقریب کا انعقاد کیا۔ جس میں صدر جامعہ ڈاکٹر ھذال حمود العتیبی اور سیکٹر کمانڈر پنجند رینجرز، اسلام آباد، بریگیڈیئر شہریار فاروق لودھی نے پاکستانی پرچم لہرایا۔
تقریب میں یونیورسٹی گارڈز کا ایک منظم دستہ بھی موجود تھا۔ڈاکٹر ھذال حمود نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح اور عظیم مفکر علامہ محمد اقبال کے دانشمندانہ افکار اور انتھک کوششوں سے معرض وجود میں آیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان لازوال دوستی ہے اور برادر ممالک کے درمیان مضبوط دوطرفہ تعلقات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا اتحاد اور خوشحالی امت مسلمہ کا اتحاد اور خوشحالی ہے۔
صدر اسلامی یونیورسٹی نے مسلم اتحاد پر زور دیا اور کہا کہ یہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے تعلیمی اداروں پر زور دیا کہ وہ نوجوانوں کی بہترین انداز میں پرورش کریں اور مسلم نوجوانوں کے ذہنوں میں یہ شعور پیدا کریں کہ وہ مسلم دنیا کی حقیقی امید ہیں۔
بعد ازاں اپنے دفتر میں بریگیڈیئر شہریار فاروق کے ساتھ ملاقات میں ڈاکٹر ھذال حمود نے انہیں یونیورسٹی کے وژن اور نئے تشکیل کردہ اسٹریٹجک پلان سے آگاہ کیا۔ انہوں نے عالمی درجہ بندی میں یونیورسٹی کی حالیہ کامیابیوں کے بارے میں بھی بتایا۔ یونیورسٹی کے صدر نے انہیں پولرائزیشن کو ختم کرنے اور کیمپس میں امن برقرار رکھنے کے اقدامات سے بھی آگاہ کیا جسے بریگیڈیئر شہریار فاروق لودھی نے سراہا۔
Comments are closed.