بھارت سمجھتا ہے کہ کشمیریوں کے آہنی عزم کوکچل دیگا تو غلطی پر ہے، وزیراعظم
بھارت کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کو پاکستان اور کشمیریوں نے مسترد کر دیا:یوم یکجہتی کشمیر پرپیغام
اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بھارت اگر یہ سمجھتا ہے وہ کشمیری عوام کے آہنی عزم کو کچل سکتا ہے تو وہ غلطی پر ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ ہر سال 5 فروری کو کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ یکجہتی کے عہد کا اعادہ کرتے ہیں اور جموں و کشمیر کا تنازعہ اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر حل طلب مسائل میں سے ایک ہے۔
شہباز شریف ںے کہا کہ گزشتہ 75 سال سے بھارت نے جموں و کشمیر پر ناجائز قبضہ کر رکھا ہے اور بھارت نے جموں وکشمیر کے عوام کو جبر سے دبایا ہوا ہے۔ قابض بھارتی افواج کے ہاتھوں ہزاروں کشمیری اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر چکے ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بھارت کے 5 اگست 2019 کے غیر قانونی اقدامات کے بعد صورتحال بدتر ہو چکی ہے جبکہ بھارت کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کو پاکستان اور کشمیریوں نے مسترد کر دیا ہے۔بھارت اگر یہ سمجھتا ہے وہ کشمیری عوام کے آہنی عزم کو کچل سکتا ہے تووہ غلطی پر ہے۔ پاکستانی قوم کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
Comments are closed.