کنٹرول لائن پرشادی کی تقریب پرفائرنگ، بھارتی سفارتکارکی دفترخارجہ طلبی

اسلام آباد: پاکستان نے بھارتی ہائی کمیشن کے سینئیر سفارتکار کو دفترخارجہ طلب کرکے لائن آف کنٹرول پر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی پر شدید احتجاج کیا ہے۔

 ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری کے مطابق بھارت کی طرف سے کھوئی رٹہ میں 22 نومبر کو ایل او سی پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی ۔ بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ سے 11 بے گناہ معصوم شہری شدید زخمی ہوئے، بھارتی قابض فوج ایل او سی اور ورکنگ باونڈری پر مسلسل بھاری ہتھیاروں اور توپ خانے سے سول آبادی کو نشانہ بنا رہی ہے، نہتے شہریوں کو نشانہ بنانا عالمی قوانین، اقدار کے منافی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ رواں برس بھارت 2820 مرتبہ سیز فایر معاہدے کی خلاف ورزی کرچکا ہے جس سے 26 معصوم شہری شہید جبکہ 245شہری زخمی ہوئے ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ کاکہنا تھا کہ بھارت کی اشتعال انگزیزی خطے میں امن و سلامتی کے لیے خطرہ ہے، لیکن وہ ان حرکتوں سے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے دنیا کی توجہ نہیں ہٹا سکتا، بھارت 2003 کے جنگ بندی انتظام کی پاسداری کرے اور اقوام متحدہ فوجی مبصر مشن کو ایل او سی پر کام کرنے کی اجازت دے۔

 آئی ایس پی کے مطابق بھارتی فوج نے گزشتہ روز ایل او سی کے جگجوٹ گائوں میں شادی کی تقریب پر فائرنگ کی جس سے 11 معصوم شہری زخمی ہوئے ہیں۔بھارتی فوج نے شادی کی تقریب کو راکٹوں اور بھاری مارٹرز سے نشانہ بنایا، زخمی ہونے والوں میں چھ خواتین، چار بچے شامل ہیں۔

Comments are closed.