وزیرداخلہ رانا ثنا اللہ نے آئی جی اسلام آباد کو بنی گالا ریڈ کرنے سے روک دیا
شہباز گل کا لیب ٹاپ اور موبائل فون برآمد کرنے کیلئے اس کے ڈرائیور کو ہرصورت گرفتار کیا جائے، وزیرداخلہ کی آئی جی اسلام آباد کو ہدایت
اسلام آباد : وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے آئی جی اسلام آباد کو شہباز گل کے ڈرائیور کی گرفتاری کیلئے بنی گالا ریڈ کرنے سے روک دیا۔ وزیرداخلہ نے شہباز گل کے ڈرائیور کی بیوی کی گرفتاری پر بھی آئی جی اسلام آباد سے ناراضگی کا اظہار کیا۔
وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ کا سعودی عرب سے آئی جی اسلام آباد ڈاکٹراکبر ناصر خان سے ٹیلیفون پررابطہ ہوا ہے۔ وزیرداخلہ نے آئی جی اسلام آباد اکبر ناصر خان سے شہباز گل کیس سے متعلق تفصیلات حاصل کیں۔ آئی جی اسلام آباد نے بتایا کہ شہباز گل کا ڈرائیور بنی گالا میں روپوش ہے، گرفتاری کیلئے بنی گالا ریڈ کرنے کی ضرورت ہے۔ وزیرداخلہ رانا ثنااللہ نے کہا کہ بنی گالا کے مکینوں سے گفتگوکے ذریعے ملزم ڈرائیور کی حوالگی سے متعلق معاملہ حل کیا جائے۔ عدم تعاون کی صورت میں مجھے آگاہ کیا جائے اور بنی گالا ریڈ کرنے سے پہلے اجازت لی جائے۔ وزیر داخلہ نے ہدایت کی کہ شہباز گل کا لیب ٹاپ اور موبائل فون برآمد کرنے کیلئے اس کے ڈرائیور کو ہرصورت گرفتار کیا جائے۔ دوران گرفتاری چادراور چار دیواری کا مکمل خیال رکھا جائے۔ وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ گھریلو خواتین کو گرفتار کرنا ہماری حکومت یا مسلم لیگ (ن) کی پالیسی اور روایت نہیں، ایسے کسی بھی عمل کی حوصلہ افزائی نہیں کی جاسکتی۔
Comments are closed.