اسلام آباد ہائیکورٹ کا شاہ محمود قریشی کو رہا کرنے کا حکم

اسلام آباد : اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی رہائی کا حکم دے دیا ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کی تھری ایم پی او کے تحت گرفتاری کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے وائس چیئرمین پی ٹی آئی کی رہائی کا حکم دیا، جبکہ شاہ محمود قریشی کی تھری ایم پی او کے تحت گرفتاری کو کالعدم بھی قرار دے دیا گیا۔

دوران سماعت عدالت نے ریمارکس دیئے کہ شاہ محمود قریشی کو بیان حلفی دینے کے بعد رہا کیا جائے گا۔عدالت نے پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی کو بیان حلفی جمع کرانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ علی محمد خان نے کل جو انڈر ٹیکنگ دی تھی، وہ دیکھ لیں، اِسی کی طرح دے دیں۔جس پر وکیل نے جواب دیا کہ شاہ محمود قریشی سے ہدایات لے کر انڈرٹیکنگ جمع کرا دیں گے۔

پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی کو چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی گرفتاری کے بعد تھری ایم پی او کے تحت گرفتار کیا گیا تھا۔

Comments are closed.