کسان اتحاد ڈٹ گیا، فیصل ایونیوپڑائو،ڈی چوک جانے کی تیاری

کسانوں نے کنٹینرز اور خاردارتاریں ہٹادیں،ڈی چوک جانے کی کوشش کو پولیس نے ناکام بنا دیا،2 بجے تک بات نہ سنی گئی تو آگے بڑھیں گے:چیئرمین کسان اتحاد،خدشہ ہے کچھ لوگوں کے پاس ہتھیار ہوں:پولیس

کسان اتحاد کا فیصل ایونیو پر پڑائو۔ڈی چوک جانے کی کوشش کو پولیس نے ایک بارپھر ناکام بنا دیا۔کسانوں نے کنٹینرز اور خاردارتاریں ہٹا دیں۔نعرے لگائے۔چیئرمین کسان اتحاد خالد حسین بٹ کا کہنا ہے کہ 2 بجے تک بات نہ سنی گئی تو ڈی چوک کی طرف جائینگے۔اسلام آباد پولیس نے کسان اتحاد کے شرکا میں شامل چند افراد کے پاس ہتھیاروں کی موجودگی کا خدشہ ظاہرکردیا۔

گزشتہ روز قافلے کی شکل میں کسان اتحاد تمام رکاوٹیں عبور کرکے اسلام آباد کے فیصل ایونیو تک پہنچا۔رات وہیں گزاری اور صبح دوبارہ مطالبات کے حق کےلئے احتجاج تیز کردیا۔کسانوں کے احتجاج کے پیش نظر فیصل ایونیو پر پولیس کی بھاری نفری بھی تعینات ہے۔کنٹینرز اور خاردار تاریں لگا کر ڈی چوک جانے والے راستے کو بند کیا گیا ہے۔

کسانوں کا کہنا ہے کہ کھاد کی قیمتوں میں کمی اور بجلی بلوں میں اضافی ٹیکس کی واپسی تک احتجاج جاری رہےگا۔وزیراعظم شہبازشریف نے ملاقات کی یقین دہانی کرائی لیکن ملاقات نہیں کرائی جارہی۔کسانوں کے احتجاج کے پیش نظراسلام آباد کی اہم شاہراہ جناح ایونیو اور ایکسپریس وے پر زیروپوائنٹ سے آگے ٹریفک کا نظام بھی متاثر ہے۔

دوسری جانب اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ احتجاج میں شامل افراد کے پاس ڈنڈے اور دیگر ہتھیار ہو سکتے ہیں۔کسی صورت ریڈ زون جانے کی اجازت نہیں دینگے۔کسی بھی سرکاری یا غیر سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

Comments are closed.