ترجمان پاک فوج نے کہا ہے کہ نومئی کے منصوبہ سازوں اور سہولت کاروں کے ساتھ کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا اور اور نہ ہی انہیں قانون کی دھجیاں اڑانے کی اجازت دی جائے گی۔اس سانحہ کے اصل مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لاکر یقینی بنایا جائے گا کہ مستقبل میں کوئی بھی ہمارے ہیروز کی بے حرمتی کی جرات نہ کرسکے ۔ پاک فوج کے شہدا ء اور ان کے خاندان پاکستان کا فخر ہیں۔
آئی ایس پی آرکے مطابق 9 مئی یوم سیاہ پر افواج پاکستان کا مؤقف بالکل واضح ہے، پاکستان کی مسلح افواج، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس 9مئی کو ہونے والی مجرمانہ کارروائیوں کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ ہماری قومی تاریخ کے اس سیاہ دن، سیاسی طور پر محرک اور برین واشڈ شرپسندوں نے بغاوت کی اور جان بوجھ کر ریاستی اداروں کے خلاف تشدد کا سہارا لیا۔ ان شرپسندعناصر نے جان بوجھ کر ریاست کی مقدس علامتوں اور قومی ورثے سے تعلق رکھنے والے مقامات کی توڑ پھوڑ کی، جس کا مقصد ملک میں خود ساختہ اور تنگ نظر انقلاب لانے کی ناکام کوشش تھی۔
ترجمان پاک فوج نے کہاکہ پاکستان کی مسلح افواج نے انتہائی تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے تخریب کاروں ،ان کے سرغنوں اور منصوبہ سازوں کی گھناؤنی سازش کو ناکام بنا دیا۔ اس ناکامی کے بعد اس سازش کے منصوبہ سازوں، سہولت کاروں اور پرتشدد کارروائیاں کرنے والوں نے مسلح افواج اور ریاست کے خلاف نفرت کی ایک مذموم مہم شروع کی۔ آج کے دن پاکستان کی مسلح افواج ، پاکستان کی خودمختاری اورعلاقائی سالمیت کا دفاع کرنے،اپنے وقار اور عزت کو ہر قیمت پر برقرار رکھنے اور اندرونی اور بیرونی دشمنوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کے عہد کی تجدید کرتی ہیں۔
Comments are closed.