جعفر ایکسپریس پر دھماکہ خیز مواد سے حملہ، 4 مسافر جاں بحق

کوئٹہ: ڈیرہ مراد جمالی کے قریب نامعلوم دہشت گردو نے دھماکا خیز مواد سے راولپنڈی سے کوئٹہ جانے والی جعفر ایکسپریس ٹرین کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 4 مسافر جاں بحق جب کہ 8 زخمی ہوگئے۔

ڈیرہ مراد جمالی ریلوے اسٹیشن کے قریب ربیع کینال کے مقام پر دہشتگردوں نے ریلوے ٹریک کے ساتھ باردوی مواد نصب کر رکھا تھا، بارودی مواد کو ریموٹ کنٹرول کی مدد سے عین اس وقت دھماکے سے اڑایا جب راولپنڈی سے کوئٹہ جانے والی ٹرین جعفر ایکسپریس وہاں سے گزر رہی تھی۔ دھماکا اس قدر شدید تھا کہ ٹرین کی 7 بوگیاں ریلوے ٹریک سے اتر کر الٹ گئیں اور ریلوے ٹریک کے 400 فٹ حصے کو نقصان پہنچا۔

بوگیاں الٹنے سے ان میں سوار 15 سے زائد مسافر زخمی ہوگئے جنہیں قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا، اسپتال حکام نے 4 مسافروں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی ہے جب کہ 8 زخمی اب بھی زیر علاج ہیں۔

دوسری جانب ریلوے ٹریک تباہ ہونے سے ٹرینوں کی آمدورفت معطل ہوگئی ہے، مسافر اپنی مدد آپ کے تحت نجی گاڑیوں میں کوئٹہ روانہ ہوگئے ہیں۔

Comments are closed.