ایرانی وزیر خارجہ کے ساتھ ملاقات میں وزیر اعظم عمران خان نے کہاکہ پاکستان اور ایران کے درمیان قریبی برادرانہ تعلقات ہیں، خطے میں امن اور ترقی کے لیے دونوں ممالک کو مل کر کام کرنا ہوگا۔وزیر اعظم نے ایران میں کورونا وباء سے اموات پر گہرے دکھ کا ظہا ر کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان میں سمارٹ لاک ڈاؤن اور دیگر اقدامات سے کورونا سے نمٹنے میں مدد ملی۔ وزیر اعظم نے کہاکہ پاکستان افغان امن عمل کی کامیابی تک حمایت جاری رکھے گا، افغانستان میں امن کا فائدہ پورے خطے کو ہوگا۔
جواد ظریف نے دو طرفہ تعاون بڑھانے کے لیے ایرانی صدر کا پیغام وزیراعظم کو پہنچایا۔ ایرانی وزیر خارجہ نے کہاکہ پاکستان کیساتھ مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانا چاہتے ہیں ،مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے ایران پاکستان کی حمایت جاری رکھے گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ جوادظریف نے جی ایچ کیو راولپنڈی میں آرمی چیف سے ملاقات کی ۔ اس موقع پر آرمی چیف نے کہاکہ پاک ایران وسیع تعاون سےخطےکے امن واستحکام پرمثبت اثرات مرتب ہونگے۔ ایرانی وزیر خارجہ نے کہاکہ علاقائی امن واستحکام اور افغان امن عمل میں پاکستان کاکردارلائق تحسین ہے۔ملاقات میں افغان مفاہمتی عمل،پاک ایران بارڈرمنیجمنٹ پر بھی غور کیا گیا۔
اس سے قبل ایرانی وزیر خارجہ نے وزارت خارجہ میں پاکستانی ہم منصب شاہ محمود قریشی سے ون آن ون اور وفود کی سطح پر ملاقات کی ۔مذاکرات میں کثیر الجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے مواقعوں اور روابط کے فروغ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ایرانی وزیر خارجہ نے وزارت خارجہ کے صحن میں پود ابھی لگایا۔
Comments are closed.