خوشخبری۔۔ کامیاب جوان پروگرام میں قرض کی حد ڈھائی کروڑ، شرح سود نصف

اسلام آباد: تحریک انصاف حکومت نے کامیاب جوان پروگرام میں قرضوں کی حد کو 50 لاکھ سے بڑھا کر ڈھائی کروڑ روپے جب کہ قرضوں پر شرح سود میں کمی کرتے ہوئے نصف کر دیا ہے۔

وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ امور ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار کے ہمراہ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کی، انہوں نے بتایا کہ کامیاب جوان پروگرام کے تحت قرضوں کے لیے ہر ممکن فنڈز کی فراہمی یقینی بنا رہے ہیں، کامیاب جوان پروگرام کیلئے 100 ارب روپے چاہیے ہوں گے تو ملیں گے۔

مشیر خزانہ ڈاکٹر حفیظ شیخ کا کہنا تھا کہ چھوٹی صنعتوں اور کاروبار کے فروغ کیلئے نوجوانوں کو قرضہ فراہم کیا جائے گا، اب تک 2ہزار 900 نوجوانوں میں ایک ارب روپے سے کی رقم تقسیم ہو چکی ہے، جبکہ مزید 7ہزار 500 درخواستوں کی منظوری دی جا چکی ہے۔

اپنی بات جاری رکھتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ کامیاب جوان پروگرام کے ذریعے قرض فراہمی کے عمل  کو بڑے پیمانے پر شروع کیا جارہا ہے اس میں 50 لاکھ روپے کی حد مقرر تھی اب اڑھائی کروڑ روپے تک بڑھایا گیا ہے، پہلے صرف تین بینک اس پروگرام میں شامل تھے ان کی تعداد بڑھا کر 21 کردی گئی ہے۔

مشیر خزانہ کے مطابق قرض پر شرح سود کو 6 اور 8 فیصد سے کم کرکے 3 اور 4 فیصد کیا گیا ہے قرض کی حد بڑھائی جب کہ شرح سود کو نصف کردیا گیا ہے، جن کو قرضہ مل چکا ہے ان کو بھی شرح سود نصف ادا کرنی ہوگی۔ ایک سے دس لاکھ روپے تک کے قرضے کسی بھی قسم کی صرف سیکورٹی دے کر حاصل کئے جاسکیں گے۔

حفیظ شیخ نے کہا کہ حکومت نے کورونا کے دوران فنڈز درست جگہ پر استعمال کئے ہیں،ضرورت مند طبقے کا احساس ہے ان کی فلاح پر فنڈز خرچ کریں گے، 72 فیصد بجلی صارفین اور 90 فیصد گیس صارفین کو ریلیف دیا جارہا ہے، کھاد اور کھانے پینے کی اشیاء پر بھی حکومت رعایتیں دے رہی ہے، 45 لاکھ لوگ بی آئی ایس کے تحت فائدہ اٹھا رہے تھے اب ڈیڑھ کروڑ مستفید ہورہے ہیں۔

اس موقع پر وزیراعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ 13 اگست سے کامیاب جوان پروگرام کی ویب سائٹ پر درخواست آ جائے گی،  کامیاب جوان کا مقصد پاکستان میں روزگار پیدا کرنا ہے، اس پروگرام سے دس لاکھ نوجوان کو روزگار حاصل ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے نوجوانوں کیلئے کامیاب جوان پروگرام کا دائرہ کار بڑھانے کی منظوری دے دی ہے، پروگرام کے تحت قرض کی رقم میں اضافہ کر دیا گیا ہے نوجوانوں کو پہلے سے زیادہ آسان شرائط پر 5 گنا زیادہ رقم مل سکے گی۔

Comments are closed.