کراچی: پاکستانی پرچم کی بے حرمتی کرنے والا ملزم لیاری سے گرفتار

کراچی پولیس نے سوشل میڈیا پر پاکستانی پرچم کی بے حرمتی کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ پولیس حکام کے مطابق بغدادی پولیس نے خفیہ اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کرتے ہوئے لیاری کے علاقے بغدادی سے ملزم نعمان کو حراست میں لے لیا۔

جرم اور پس منظر

پولیس کے مطابق ملزم نے 13 اگست کو یوم آزادی سے ایک روز قبل ایک ویڈیو بناتے ہوئے قومی پرچم کی بے حرمتی کی تھی، جسے بعد میں سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کیا گیا۔ تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ ملزم کا تعلق باجوڑ سے ہے اور وہ کافی عرصے سے کراچی کے علاقے لیاری میں مقیم تھا۔

مقدمہ درج اور اعتراف

پولیس نے ملزم کے خلاف باقاعدہ مقدمہ درج کر لیا ہے۔ اس حوالے سے ایس ایس پی عارف عزیز کا کہنا تھا کہ گرفتاری کے بعد ملزم نے اپنے ویڈیو بیان میں اعتراف کیا کہ وہ لی مارکیٹ میں بنیان کا ٹھیلا لگاتا ہے۔

معافی اور بیان

ایس ایس پی کے مطابق ملزم نے گرفتاری کے بعد ہاتھ جوڑ کر معافی مانگی اور کہا کہ اس کا کسی کو تکلیف دینے کا ارادہ نہیں تھا۔ اس نے یقین دہانی کرائی کہ وہ آئندہ ایسی حرکت دوبارہ نہیں کرے گا۔

پولیس کا موقف

پولیس حکام نے واضح کیا کہ قومی پرچم کی بے حرمتی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، اور ایسے جرائم میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

Comments are closed.