کراچی پولیس نے زمین میں دفنایا گیا اسلحہ، گولہ بارو برآمدکرلیا

 کراچی :ضلع وسطی پولیس نے اولڈ سٹی ایریا میں گودام کی کھدائی کرکے زمین میں دفنایا گیا بڑی تعداد میں اسلحہ، گولہ بارود اور ہیلی کاپٹر و ٹینک سمیت دیگر ہتھیاروں کے زنگ آلود پرزے برآمد کرلیے۔

ایس ایس پی ضلع وسطی غلام مرتضیٰ تبسم کی سربراہی میں پولیس نے نیپیئرتھانے کے علاقے لی مارکیٹ میں چینی کے برتنوں کے گودام پرچھاپہ مارا اور کھدائی کر کے زمین میں دفنایا ہوا زنگ آلود اسلحہ برآمد کیا۔ایک اندازے کے مطابق کم از کم دس سال پہلے محفوظ کیے بغیر ہی زمین میں دفنادی گئی تھی۔

ڈی ایس پی نیو کراچی معین الدین کے مطابق برآمد ہونے والے اسلحے میں پرانی رائفلیں، پستول، ریوالور، اینٹی ٹینک، اینٹی ایئرکرافٹ، راکٹ لانچر اور اینٹی ٹینک گن سمیت دیگر ہتھیاروں کے پرزے شامل ہیں ۔ برآمد ہونے والا اسلحہ جنگوں میں استعمال کیا جاتا ہے۔

اسلحہ ایک پرانی عمارت سے برآمد ہوا ہے جو چینی برتنوں کے گودام کے طور پر استعمال ہوتی تھی، پولیس کے مطابق یہ ہتھیار اگر درست حالت میں ہوتے تو بڑی تباہی کے لیے استعمال ہوسکتے تھے مگر یہ اسلحہ برسوں سے زمین میں دبا ہونے کی وجہ سے ناکارہ ہوچکا ہے۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ نے بھی تمام گولہ بارود کا معائنہ کیا۔ آخری وقت تک پولیس کی جانب سے عمارت کے مختلف مقامات پر کھدائی کا سلسلہ جاری تھا۔پولیس کا کہنا ہے کہ گودام مالک نے کس سے گودام کرائے پرحاصل کیا تھا، کئی سال پہلے گودام کا مالک کون تھا، اس حوالے سےتحقیقات کی جا رہی ہیں۔

Comments are closed.