سابق وفاقی وزیر اور نون لیگ کے رہنما خواجہ محمد آصف کی اہلیہ مسرت خواجہ ، بیٹے اسد خواجہ ،سابق مئیر سیالکوٹ توحید اختر سمیت 9 افراد کے خلاف اینٹی کرپشن میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنرسیالکوٹ نے ملزمان کے خلاف سرکاری خزانے کومجموعی طورپر7 کروڑ80 لاکھ روپے نقصان پہنچانے پر ریفرنس اینٹی کرپشن کو بھیجتے ہوئے 9 افراد کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی سفارش کی تھی۔ ملزمان نے غیر قانونی طور پر سرکاری زمین کو سوسائٹی میں شامل کرکے سرکاری خزانے کو6 کروڑ 50 لاکھ کا نقصان کیا۔
ریفرنس کے مطابق سوسائٹی مالکان سرکاری زمین استعمال کرنے کی مد میں 1 کروڑ30 لاکھ کے بھی نادہندہ ہیں، کینٹ ہاؤسنگ سوسائٹی سابق مئرسیالکوٹ چوہدری توحید اورخواجہ محمد آصف کی اہلیہ اوربیٹے اسد کی ملکیت ہے ۔ کینٹ ہاؤسنگ سوسائٹی کو 137 کنال پررجسٹرکروا کے بعد میں غیرقانونی طریقے سے 281 کنال مزید شامل کرلیا گیا۔سوسائٹی میں عوامی مقامات، اوپن ایریا، کمیونٹی سینٹراورقبرستان کے لئے مختص زمین کو بھی پلاٹس بنا کربیچ دیا گیا۔
اینٹی کرپشن پنجاب کا کہنا ہے کہ پرائیویٹ ہاؤسنگ اسکیم رولزکے تحت کسی بھی منظورشدہ ہاؤسنگ اسکیم کے نقشہ میں سوائے قبرستان کی لوکیشن کے کوئی تبدیلی نہیں کی جاسکتی۔ واضح رہے کہ پنجاب بھرمیں اینٹی کرپشن نے غیر قانونی رہائشی اسکیموں کے خلاف کریک ڈاؤن کا آغاز کر رکھا ہے ۔
Comments are closed.